شہروں، دیہاتوں میں چھپے دہشت گردوں کو کچل دیں گے، وزیراعظم

22 دسمبر 2014
وزیراعظم نواز شریف— اے ایف پی فائل فوٹو
وزیراعظم نواز شریف— اے ایف پی فائل فوٹو

اسلام آباد : وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں سر اٹھاتی دہشت گردی کو مکمل طاقت کے ساتھ کچل دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت ہوا جس میں ملکی انسداد دہشت گردی کے قوانین کا جائزہ لیا گیا اور انہیں مزید سخت بنانے کے لیے ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم کے خصوصی معاون خواجہ ظہیر اور سیکرٹری قانون بیرسٹر ظفر اللہ نے ملک کے موجودہ انسداد دہشت گردی کے قوانین اور زیرالتوا مقدمات کے حوالے سے اجلاس میں بریفننگ دی۔

اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف ٹرائل جلد نمٹانے کے لیے خصوصی فوجی عدالتوں کے قیام کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب جاری ہے جبکہ شہروں اور دیہات میں چھپے دہشتگردوں کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ ہے جو ہزارہ ٹاﺅن، پشاور کے گرجا گھر اور دیگر مقامات پر حملوں کے ذمہ دار ہیں۔

اس اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

دہشت گردی کے مقدمات کی پیروی میں تیزی لانے کی ہدایت

وزیراعظم نواز شریف نے اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ اور ان کی قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان دہشت گردی کے مقدمات میں تیزی سے استغاثہ کا کردار نبھائے جن میں عدالتوں نے سزاﺅں کے خلاف حکم امتناع جاری کردیا ہو۔

وزیراعظم کی ہدایات کے بعد حکومتی قانونی ٹیم ان مقدمات میں نظرثانی درخواستیں دائر کرے گی جس میں عدالتوں نے حکم امتناع جاری کیا ہوگا تاکہ ٹرائل کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔

وفاقی حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق ہم ہر قیمت پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور شہریوں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کے ساتھ رحم کا سلوک نہیں کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں