ملکی زرمبادلہ ذخائر 15 ارب ڈالرز سے تجاوز

22 دسمبر 2014
وزیر خزانہ اسحاق ڈار— رائٹرز فائل فوٹو
وزیر خزانہ اسحاق ڈار— رائٹرز فائل فوٹو

اسلام آباد : پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب پانچ کروڑ ڈالر مالیت قرضے کی دو اقساط مل گئیں، جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر پندرہ ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے بورڈ کی منظوری کے بعد امریکی فیڈرل ریزرو سے ایک ارب پانچ کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکائونٹ میں منتقل ہوگئے ، جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔

زرمبادلہ کے ذخائر پندرہ ارب ڈالر تک پہنچنے پر وزیراعظم نے وزیر خزانہ اسحق ڈار اور ان کی ٹیم کی کاکردگی کو سراہا۔

وزیراعظم ہائوس میں آج ملاقات کے دوران وزیر خزانہ اسحق ڈار نے بتایا کہ دسمبر میں پندرہ ارب ڈالر زرمبادلہ کے ذخائر کا ہدف تھا جسے حاصل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دس ارب ڈالر کا زرمبادلہ اسٹیٹ بینک اور پانچ ارب ڈالر نجی و کمرشل بینکوں کے پاس موجود ہیں۔

وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملک میں معاشی استحکام آنا شروع ہوگیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں