اسمتھ کی ریکارڈ ساز سنچری، انگلینڈ کو شکست

23 جنوری 2015
قائم مقام آسٹریلین کپتان نے 102 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ فوٹو رائٹرز
قائم مقام آسٹریلین کپتان نے 102 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ فوٹو رائٹرز

ہوبارٹ: آسٹریلیا نے کپتان اسٹیون اسمتھ کی شاندار بلے بازی بدولت انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹ سے شکست دے دی۔

ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت انگلینڈ کو بلے بازی کی دعوت دی جسے ابتدا میں انگلش بلے بازوں نے غلط ثابت کر دکھایا۔

انگلش اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 113 رنز کی شراکت قائم کی اور معین علی آؤٹ ہونےوالے پہلے کھلاڑی تھے جو 46 رنز بنا سکے۔

جیمز ٹیلر کی اننگ چھ رنز تک محدود رہی لیکن ای این بیل نے جو روٹ کی مدد سے تیسری وکٹ کے لیے 121 رنز کی ساجھے داری بنا کر اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ انگلش ٹیم 350 رنز کے قریب مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن اختتامی اوورز میں آسٹریلین باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے باعث انگلینڈ مقررہ اوورز میں 303 رنز بنا سکا۔

بیل نے 141، روٹ نے 69 جبکہ بٹلر نے 25 رنز بنائے۔

جواب میں آسٹریلین اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 76 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن 92 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے کینگروز تین اہم وکٹوں سے محروم ہو چکے تھے۔

اس موقع پر آسٹریلیا کے قائم مقام کپتان اسٹیون اسمتھ نے ایک بار پھر قیادت کا فرض نبھاتے ہوئے اپنی ٹیم کی نیا پار لگانے کی ذمے داری سنبھالی۔

انہوں نے پہلے 37 رنز بنانے والے گلین میکس ویل کے ساتھ 69، جیمز فالکنر کے ساتھ 55 اور پھر بریڈ ہیڈن کی مدد سے 81 رنز کی شراکت بنا کر آسٹریلیا کو جیت کی راہ پر گامزن کیا۔

اسمتھ نے ایک روزہ کرکٹ میں بطور کپتان اپنی پہلی ہی اننگ میں سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو ایک وکٹ سے فتحیاب کرانے کے ساتھ ساتھ بطور کپتان پہلے ٹیسٹ ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ میں سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

اسمتھ کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں