اسلام آباد: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایمپلی فائرایکٹ کی خلاف ورزی پر18 خطیبوں کے خلاف مقدمات درج کرکے چار مساجد کے علماء کو گرفتاربھی کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں گذشتہ تین ماہ سے ایمپلی فائرایکٹ نافذ ہے جس کے مطابق لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہے۔

گزشتہ دنوں بھی اسلام آباد میں لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر قائم مقام آئی جی اسلام آباد طاہرعالم نے پچاس سے زائد مساجد اور امام بارگاہوں کے خطیبوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے تھے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: 50 خطیبوں کی گرفتاری کے احکامات

ڈان نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے اسلام آباد پولیس کو احکامات موصول ہوئے تھے کہ جوعلماء اس کی ایکٹ کی خلاف ورزی کررہے ہیں یعنی جمعہ کے خطبوں کے علا وہ ان کا استعمال کررہے ہیں ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔

اس ضمن میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران سیکٹروں مقدمات درج ہوچکے ہیں۔

ڈان نیوز کے نمائندے کے مطابق گذشتہ روز بھی جمعہ کے خطے کے دوران لاؤڈ اسپیکرکے غلط استعمال پر مزید 18 مساجد کے علماء کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں اور ان میں سے چار کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے جن تھانوں میں مقدمات درج ہوئے ہیں ان میں بارہ کہو، مارگلہ، آئی نائن، کورال، شالیماراور گولڑہ کے تھانے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں دیگرقوانین کےساتھ ساتھ لاؤڈ اسپیکراینڈ سائونڈ ایمپلیفائر آرڈیننس 1965 بھی موجود ہے جس کی رو سے مسجدوں، گرجا گھروں، مندروں یا دوسری عبادت گاہوں میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال دوران آواز باہر نہیں آنی چاہیئے اور کسی سرکاری یا غیر سرکاری جگہ پر فرقہ وارانہ یا اختلافی نوعیت کی تقریروں کے لیے لاؤڈ اسپیکر کا استعمال نہیں ہو سکتا جس سے بد امنی کا خطرہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: کمبخت لاؤڈ اسپیکر

قانون میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لاؤڈ اسپیکرز مساجد یا عبادت گاہوں کے بیرونی دیواروں پر نہیں لگائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر اینڈ ایمپلیفائرز ایکٹ 1965 کے مطابق لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کسی بھی عوامی جگہ، راستے، عوامی گزرگاہ، پبلک پارک یا پبلک گراؤنڈ اور کسی بھی ایسی جگہ پر جہاں دعوت نامے یا بغیر دعوت نامے کے عوام کی پہنچ ہو، ممنوع ہے۔

اس قانون میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ایکٹ کی خلاف ورزی پر کسی کو حراست میں بھی لیا جائے تو اس کی سزا ایک ماہ قید یا دو سو روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں