داعش نے مغوی جاپانی کے مبینہ قتل کی ویڈیو جاری کردی

24 جنوری 2015
— فائل فوٹو بشکریہ جاپان ٹائمز
— فائل فوٹو بشکریہ جاپان ٹائمز

قاہرہ/ٹوکیو: تاوان کی عدم ادائیگی پراسلامک اسٹیٹ یا دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) کی جانب سے جاری ایک نئی ویڈیو میں مغوی جاپانی شہری کو مبینہ طور پر قتل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق ویڈیو میں داعش نے دوسرے مغوی جاپانی شہری کے بدلے میں اپنے گرفتار ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

مزید پڑھیں: داعش کا مغوی جاپانیوں کے بدلے تاوان کا مطالبہ

غیر ملکی خبررساں ادارے اے پی کے مطابق ان کو داعش کی جانب سے نئی جاری ہونے والی مذکورہ ویڈیو دستیاب نہیں ہوسکی ہے تاکہ واقعے کی تصدیق کی جاسکے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویڈیو کو جاری کرنے کے فوری بعد ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا تھا جبکہ داعش کے مختلف گروپوں کی جانب سے جاپانی شہری کے قتل کی ویڈیو سے لاتعلقی کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

ادارے نے مزید کہا ہے کہ داعش کے متعدد گروپوں نے مذکورہ پیغام یا ویڈیو کی صداقت کے حوالے سے دیگر سے اختلاف بھی کیا ہے۔

اے پی کا کہنا ہے کہ کیوڈو نیوزایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش نے ایسی ہی ویڈیو مغوی شہریوں میں سے ایک کی بیوی کو ای میل بھی کی ہے۔

ادھرجاپانی وزیراعظم شینزو ابے نے داعش کی جانب سے جاپانی شہری کی مبینہ قتل کی ویڈیو جاری ہونے کے حوالے سے کہا ہے کہ 'یہ ایک اشتعال انگیز اور ناقابل معافی جرم ہے' جبکہ انھوں نے اپنے دوسرے مغوی شہری کی جلد رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

اے پی کا کہنا ہے کہ جاپان کی کابینہ کے سیکرٹری یوسیہدی سوگا نے کہا ہے کہ انھوں نے واقعے کی اطلاع ملنے کے فوری بعد کابینہ کے وزراء کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ داعش کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیومیں ان کے ایک شہری ہارونا یوکووا کو مردہ جبکہ دوسرے شہری کینجی گوٹو کو زندہ دیکھایا گیا ہے۔

جابان کے سرکاری حکام کے مطابق ویڈیو کے درست ہونے کی جانچ کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ دولت اسلامیہ کی جاری نئی وڈیو میں جاپان کےدو مغوی باشندوں میں سےایک کو مردہ دکھایا گیا ہے۔

اس سےقبل 20 جنوری کوداعش نےایک وڈیو پیغام میں جاپان سےدونوں افراد کی رہائی کیلیے 20 کروڑ ڈالرتاوان مانگا تھا اورادائیگی کیلئے 72گھنٹے کی مہلت بھی دی گئی تھی۔

دونوں مغویوں کو گزشتہ برس اگست میں شام اور اس کے ملحقہ علاقوں سے اغوا کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں