'ورلڈکپ کے بعد آفریدی کو کپتان بننا چاہئے'

25 جنوری 2015
راشد لطیف— اے ایف پی فائل فوٹو
راشد لطیف— اے ایف پی فائل فوٹو

اسلام آباد : سابق کپتان راشد لطیف کے خیال میں آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کو اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لینا چاہئے اور ورلڈکپ 2015 کے بعد ون ڈے ٹیم کی قیادت کرنی چاہئے۔

ایک انٹرویو کے دوران راشد لطیف نے کہا کہ یاسر شاہ ون ڈے کے اچھے باﺅلر ہیں اور انہیں ایک روزہ میچز کے فارمیٹ میں آزمانا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹی اور انور علی دونوں کافی نیچے آکر بیٹنگ کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں بلے باز کے طور پر ڈویلپ نہیں کیا جاسکا ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق اور اظہر محمود کو اوپر آکر بیٹنگ کے مواقعے دیئے جاتے تھے جس کی وجہ سے ان کی بلے بازی بہتر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم حماد اعظم کو ایک کھلاڑی کے طور پر استعمال کرنے میں ناکام رہے اور یہ آل راﺅنڈر ڈومیسٹک کرکٹ میں نمبر آٹھ یا نو پر بیٹنگ کرتا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ ٹٰم کی جانب سے بطور بیٹسمین نہیں کھیل رہا۔

راشد لطیف نے کہا کہ مصباح الحق ایک تجربہ کار کپتان ہیں مگر وہ ورلڈکپ میں سعید اجمل کی کمی محسوس کریں گے " سعید اجمل اور ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن کے باﺅلنگ ایکشنز میں بہت بڑا فرق ہے"۔

ان کے بقول سنیل نارائن اس وقت بھی موثر ثابت ہوتا ہے جب وہ دوسرا نہ کررہا ہو۔

ورلڈکپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے بارے میں لگتا ہے کہ اس نے مستقبل کے حوالے سے منصوبہ بندی کرتے ہوئے نئے کھلاڑیوں اور ہولڈر کو بطور کپتان متعارف کرایا ہے، یہ ٹیم کسی کو بھی ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم کرس گیل کو بہت زیادہ دباﺅ کا سامنا ہوگا کیونکہ پوری ٹیم ان پر ہی انحصار کررہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں