گستاخانہ خاکوں کے خلاف جماعت اسلامی کا ملین مارچ

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2015
گستاخانہ خاکوں کیخلاف کراچی میں ہونے والی احتجاجی ریلی سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کر رہے ہیں — ڈان نیوز اسکرین گریب
گستاخانہ خاکوں کیخلاف کراچی میں ہونے والی احتجاجی ریلی سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کر رہے ہیں — ڈان نیوز اسکرین گریب

فرانسیسی رسالے میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف کراچی اور لاہور میں جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جنہیں 'شان مصطفیٰ ﷺ ملین مارچ" کا نام دیا گیا۔

کراچی میں نیپا چورنگی سے حسن اسکوائر تک نکالے گئے 'ملین مارچ' سے خطاب کرتے یوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ملکی ترقی کی رہ میں رکاؤٹ حکمرانوں کے منافقانہ رویہ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب مسلسل مسلمانوں کی غیرت کو للکار رہا ہے لیکن حکمران جواب دینے کو تیار نہیں ہیں۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ مغرب کو اپنے کردار پر نظر ڈالنے کی ضرورت ہے کیونکہ اسلام تو امن اورانسانیت کی بات کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر فرانس اور پیرس والوں نے گستاخانہ خاکوں پر معافی نہ مانگی تو ان پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غربت، مہنگائی، جہالت اوردہشت گردی جیسی بیماریوں کا واحدعلاج نظام مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وسلم ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ یورپ کے ملک ناروے میں مسلمانوں کی مساجد کو جلایا گیا جب کہ توہین کے مرتکب سلمان رشدی کو بھی پناہ یورپ دے دی۔

فرانسیسی جریدے کی جانب سے گذشتہ دنوں ایک بار پھرگستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کے خلاف پاکستان بھرمیں مخلتف مذہبی وسیاسی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اورریلیاں نکالی گئیں ہیں۔

کراچی کے ساتھ ساتھ لاہور میں بھی اسی طرح کی ایک ریلی ناصرباغ سے چیئرنگ کراس تک نکالی گئی جس میں لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں نے امت مسلمہ کے دل چھلنی کرکے رکھ دیے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کے دوران لیگی رہنماء پرویز ملک نے کہا کہ توہین رسالتﷺ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور حکومت نے ہمیشہ ایسے واقعات کی کھل کر مخالفت کی ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کے خلاف نیشنل پریس کلب کے سامنے الگ الگ مظاہرے کئے گئے جب کہ پنجاب کے دیگرشہروں گوجرانوالہ، سرگودھا، منڈی بہا ؤالدین، جامشورو سمیت دیگر میں بھی گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذہبی جماعتوں اور شہریوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں