راولپنڈی: انٹیلی جنس رپورٹ میں ایئرپورٹ سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات اور حملے کے خطرے کے سبب ملک بھر کے تمام اہم ایئرپورٹس کی سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔۔

ایک سیکیورٹی آفیشل نے بتایا کہ رپورٹس ملی تھیں کہ دہشت گرد کسی اہم ایئرپورٹ پر حملہ کرسکتے ہیں جس کے بعد ایئرپورٹ پر جاری ہائی الرٹ کو ریڈ الرٹ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ ایلیٹ فورسز کے اہلکار گشت کرنے کے ساتھ ساتھ اہم عمارتوں پر بھی کھڑے کردیے گئے ہیں۔

بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود اک سینئر آفیشل نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی حملے کی صورت میں تمام سیکیورٹی ایجنسیوں کو طلب کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور ایئرپورٹ میں داخل ہونے والے ہر شخص کی جامع تلاشی لی جا رہی ہے اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے ماضی میں جاری کیے گئے تمام جزوقتی داخلی پاسز منسوخ کر دیے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں