وہ سپر اسٹارز جنھوں نے اپنے کردار کیلئے بڑھایا وزن

وہ سپر اسٹارز جنھوں نے اپنے کردار کیلئے بڑھایا وزن


بولی وڈ میں اکثر اسٹارز اپنی شخصیت کی بناء پر دیکھنے والوں کے دل میں اتر جاتے ہیں اور اپنا مقام برقرار رکھنے کے لیے انہیں کافی محنت کرنا پڑتی ہے خاص طور پر جسمانی طور پر فٹ رہ کر آن اسکرین زیادہ سے زیادہ بہتر نظر آنے کی کوشش کرنا ہوتی ہے۔

تاہم کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی کے تقاضوں کے مطابق اداکاروں کو اپنا جسمانی وزن بڑھانا پڑتا ہے جو کہ کم کرنے کے مقابلے میں کافی مشکل ہوتا ہے تاہم کچھ اسٹارز نے اپنے کردار کو یادگار بنانے کے لیے ایسا کیا اور پرستاروں نے بھی انہیں خوب سراہا۔

شاہ رخ خان

— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

بولی وڈ کنگ خان شاہ رخ نے یش چوپڑا کی ڈائریکشن میں بننے والی آخری فلم “جب تک ہے جان” میں اپنے کردار کے لیے اپنے وزن کو بڑھایا تھا، درحقیقت اپنی سپرہیرو فلم “را۔ ون” کے لیے شاہ رخ نے اپنا وزن کم کیا تھا تاہم یش چوپڑا کی رومانوی فلم کے لیے کنگ خان کو اپنے وزن میں بیس کلو کا اضافہ کرنا پڑا تاکہ پرفیکٹ رومانوی ہیرو نظر آسکیں۔

سوناکشی سنہا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سوناکشی سنہا نے اپنے کریئر کا آغاز “دبنگ” سے کیا جس میں ان کا وزن کافی تھا جس پر کافی تنقید بھی سامنے آئی تاہم پھر انہوں نے اسے کم کرلیا مگر “دبنگ ٹو” میں کام کرنے کے لیے اداکارہ کو ایک بار پھر جسمانی وزن بڑھانا پڑا کیونکہ اس میں ان کا کردار ایک حاملہ خاتون کا تھا جس کے لیے وزن میں اضافہ ضروری تھا۔

ایشوریہ رائے بچن

— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

ایشوریہ رائے بچن کو بچی کی پیدائش کے بعد موٹاپے کا شکار ہونے پر تنقید کاسامنا کرنا پڑا اور ان کی شوبز میں واپسی بھی مشکل ہوگئی تاہم بہت کم افراد کو معلوم ہے کہ سابق ملکہ حسن نے فلم “گرو” اور “امراﺅ جان” میں اپنے کردار کے لیے جسمانی وزن کو بڑھایا اور پھر دوبارہ کم بھی کرلیا۔

جیکولین فرنانڈس

— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

جیکولین فرنینڈس کو سلمان خان کے مدمقابل فلم کِک میں اپنے کردار کے لیے دس کلو وزن بڑھانا پڑا تاکہ کہانی کے تقاضوں کو پورا کیا جاسکے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کے ہیرو یعنی دبنگ خان کو اپنے وزن میں کمی لانا پڑی تھی تاکہ جیکولین کے ساتھ ان کی جوڑی پرستاروں کے دلوں میں بس سکے۔

کرینہ کپور خان

— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

کرینہ کپور خان نے بولی وڈ میں سائز زیرو کا رجحان ڈالا تھا تاہم راجکمار ہیرانی کی فلم “تھری ایڈیٹس” میں کام کرنے کے لیے انہیں اپنا جسمانی وزن بڑھانا پڑا تاکہ کردار کی مناسبت سے بہترین نظر آسکیں اور واقعی ان کا کردار فلم کی کامیابی میں اہم ثابت ہوا۔

ریتک روشن

— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

ہینڈسم ریتک روشن اپنی فٹنس کے حوالے سے کافی محتاط رہتے ہیں تاہم سنجے لیلا بھنسالی کی فلم “گزارش” کی کہانی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی جسامت کا ہر وقت خیال رکھنے والے ریتک نے وزن کو کافی حد تک بڑھایا تاکہ اپنی اداکاری کا سکہ دیکھنے والوں پر جماسکیں۔

ودیا بالن

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ودیا بالن نے فلم "دی ڈرٹی پکچر" کے لیے اپنا وزن بارہ کلو تک بڑھایا اور یہ فلم بلاک بسٹر ثابت نہ ہوتی اگر بولی وڈ اداکارہ اپنے کردار کو اس کے تقاضوں کے مطابق ادا نہ کرتی۔

ابھیشیک بچن

— آن لائن فوٹو
— آن لائن فوٹو

اگرچہ بہت کم فلموں میں ابھیشیک بچن نے اپنی اداکاری سے لوگوں کو متاثر کیا ہے تاہم منی رتنم کی "گرو" واضح طور پر ان میں سے ایک ہے، اور اس فلم میں گرو کے کردار کے لیے جونیئر بچن کو اپنے وزن میں نمایاں اضافہ کرنا پڑا تھا جس کے لیے انہیں کافی محنت بھی کرنا پڑی۔

پریانکا چوپڑا

— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

یہ سابقہ مس ورلڈ اپنی متناسب جسامت کی بناء پر کروڑوں دلوں پر راج کرتی ہے تاہم پریانکا کو بھی وشال بھردواج کی فلم “سات خون معاف” میں کام کرنے کے لیے اپنے جسمانی وزن کو بڑھانا پڑا تھا اگرچہ یہ فلم باکس آفس پر زیادہ کمال تو نہ دکھا سکی مگر اداکارہ کی کارکردگی کو ضرور سراہا گیا۔

عمران ہاشمی

— آن لائن فوٹو
— آن لائن فوٹو

بولی وڈ اداکار عمران ہاشمی نے اپنی فلم “شنگھائی” کے کردار کو منفرد انداز میں نبھانے کے لیے نہ صرف اپنی بول چال میں تبدیلی پیدا کی بلکہ اپنے جسمانی وزن کو بھی بڑھایا۔