جے ایف17 تھنڈر طیارے کومبیٹ کمانڈ اسکول میں شامل

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2015
جےایف 17 تھنڈر طیارہ کراچی میں منعقد ہو نے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز2014 میں رکھا ہوا ہے — فوٹو:رائٹرز
جےایف 17 تھنڈر طیارہ کراچی میں منعقد ہو نے والی دفاعی نمائش آئیڈیاز2014 میں رکھا ہوا ہے — فوٹو:رائٹرز

اسلام آباد: پاکستان اور چین کی مشترکہ کوششوں سے تیار کئے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے کو باقاعدہ طور پر پاکستان ائر فورس کے کومبیٹ کمانڈ اسکول میں شامل کر دیا گیا ہے۔

نئے جدید طیارے کو پاکستان ائیر فورس کے مشاف بیس پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران ٹرینگ اسکول کا حصہ بنایا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ائر فورس کے نائب چیف آف ائر اسٹاف (آپریشنز) ائر مارشل سہیل امان تھے جنھوں نے جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے ہواباز اور دیگر ٹیکنیکل اسٹاف سے ملاقات بھی کی۔

پاک فضائیہ کی جانب سے 2007 سے ان طیاروں پر کام کیا جارہا تھا اور اب ان کو باقاعدہ طور پر تربیتی اسکول کا حصہ بنادیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ میں جے ایف - 17 تھنڈر طیارہ کی شمولیت

پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان ائر فورس میں دو جے ایف 17 تھنڈر فائٹر طیارے شامل کئے گئے ہیں جو ملک کی دفاعی قوت کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔

اس طیارے کی شمولیت سے جدید جنگی تربیت کے حوالے سے پاک فضائیہ کے ہوابازوں کو مدد ملے گی۔

اس سے قبل پاکستان ائروناٹیکل کمپلیکس نے ملکی طور پر تیار کردہ پچاسواں جے ایف -17تھنڈر طیارہ پاکستان فضائیہ کے سپرد کیا گیا تھا۔

جے ایف 17تھنڈر ایک ملٹی رول طیارہ ہے جسے چین کی ایوی ایشن انڈسٹری کے تعاون سے پاک فضائیہ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تیار کیا گیا ہے۔

جے ایف 17تھنڈر کم وزن ہے اور ہر قسم کی موسمی سختی میں دشمن کیخلاف موثر ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان جدید ترین چینی لڑاکا طیارے خریدنے کا خواہشمند

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی سکیورٹی اور فضائیہ کی قوت بڑھانے کیلئے چین کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیارے ایف سی 31 کی خریداری میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

چین کے ان طیاروں کا موازنہ امریکا کے جدید ترین لڑاکا طیارے ایف 35 جوائنٹ اسٹرائک فائٹر سے کیا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں