شاہد آفریدی کا ٹی 20 کیلئے انگلش کاؤنٹی سے معاہدہ

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2015
شاہد آفریدی کا بلے باز کی وکٹ لینے کے بعد ایک انداز — اےایف پی فائل فوٹو
شاہد آفریدی کا بلے باز کی وکٹ لینے کے بعد ایک انداز — اےایف پی فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈرشاہد خان آفریدی نے مئی میں شروع ہونے والی ٹی 20ڈومیسٹک مقابلے کیلئے انگلش کاؤنٹی نارتھینٹ کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔

نارتھینٹ کے کوچ ڈیوڈ ریپلے نے بی بی سی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد آفریدی کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں، وہ گذشتہ کئی دہائیوں سے ایک روزہ کرکٹ فورمیٹ کے اہم ترین کھیلاڑی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ انتہائی دلچسپ ہے اور مقابلوں کے شروعات ہی میں گروپس میں جلدی اوپر آنے کا موقع ملے گا۔

مزید پڑھیں: آفریدی کا ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

واضح رہے کہ پاکستانی آل راونڈر نے اس سال ورلڈ کپ 2015 کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستانی اسٹار آل راونڈر آفریدی کو بوم بوم کا لقب ملا اور وہ اب تک ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 342 چھکے لگا چکے ہیں جب کہ گزشتہ ورلڈ کپ میں انہوں نے سب سے زیادہ 21 وکٹیں حاصل کیں۔

وہ ٹی 20 کرکٹ فارمیٹ میں بھی ایک کامیاب باولر تسلیم کئے جاتے ہیں۔

ڈیوڈ ریپلے کا کہنا تھا کہ وہ مزید کسی کھیلاڑی کو اسپانسر نہیں کرسکے ہیں تاہم اس حوالے سے اُمید بھی نہیں چھوڑی۔

1996 میں انٹرنیشنل کرکٹ کا آغازکرنے والے شاہدآفریدی نے اپنے دوسرے ہی میچ میں سری لنکا کے خلاف صرف سینتیس گیندوں پر تیز ترین سینچری کا ریکارڈ بنایا تھا تاہم رواں سال کے آغاز میں یہ ریکارڈ نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر کوری انڈرسن نے توڑا تھا۔

اب یہ عالمی ریکارڈ جنوبی افریقہ کے بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ہے جو انہوں نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا۔

تبصرے (0) بند ہیں