رینجرز نے گھر پر چھاپہ نہیں مارا، احمد چنائے

اپ ڈیٹ 27 جنوری 2015
سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے سربراہ احمد چنائے—ڈان نیوز اسکرین گریب۔
سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے سربراہ احمد چنائے—ڈان نیوز اسکرین گریب۔

کراچی: سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے سربراہ احمد چنائے نے کہا ہے کہ نہ ہی رینجرز نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور نہ ہی کوئی مغوی نوجوان کو ان کے گھر سے بازیاب کروایا گیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رینجرز اہلکار علی الصبح ان کے گھر معلومات شیئر کرنے کے لیے آئے تھے، چھاپہ مارنے نہیں۔

اس سے قبل میڈیا رپورٹس کے مطابق رینجرز نے احمد چنائے کے گھر پر چھاپہ مار کر ان سے اغوا برائے تاوان کے کیسز سے متعلق تفتیش کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مغوی نوجوان لاریب کو ان کے گھر سے بازیاب نہیں کروایا گیا اور نہ ہی ان کے گھر سے 15 لاکھ روپے کی رقم برآمد ہوئی۔

انہوں نے اس موقع پر رینجرز کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کی کارروائیوں کے باعث بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پی ایل سی اور اور رینجرز کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے اور دونوں اس کیس پر مل کر کام کررہے تھے۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ رینجرز کا اعلامیہ بھی اسی بات چیت جیسا ہی آئے گا۔

اس سے قبل آج کے دن سی پی ایل سی سربراہ کے حوالے سے متضاد خبریں میڈیا کی زینت بنی رہیں۔

احمد چنائے گذشتہ تین سال سے سی پی ایل سی کے سربراہ کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں