لیبیا ہوٹل پر حملے میں 5 غیر ملکیوں سمیت 9 ہلاک

27 جنوری 2015
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے ایک ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لیا ہوا ہے — فوٹو: رائٹرز
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے ایک ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لیا ہوا ہے — فوٹو: رائٹرز

طرابلس: لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے ایک ہوٹل میں عسکریت پسندوں کے حملے میں پانچ غیر ملکیوں سمیت نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سیکیورٹی سروس کے ترجمان ایصام الناس کا کہنا ہے کہ واقعے میں تین سیکیورٹی گارڈز بھی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ دو حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے پانچ غیر ملکیوں کو قتل کیا جبکہ ایک کو یرغمال بنا لیا تھا تاہم فوری طور پر یرغمال بنائے جانے والے غیر ملکی کی شہریت کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

ایصام کا کہنا تھا کہ واقعے میں تین غیر ملکی خواتین ہلاک ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد میں یرغمال بنایا جانے والا غیر ملکی بھی تین دہشت گردوں کی جانب سے خودکش دھماکے کے بعد ہلاک ہو گیا ہے۔

ایصام کا کہنا تھا کہ حملے کی اطلاع کے فوری بعد 24 منزلہ ہوٹل کو سیکیورٹی فورسز نے چاروں جانب سے گھیر لیا تھا جس کے بعد تینوں حملہ آوروں نے اپنے جسموں سے منسلک دھماکہ خیز مواد بیلٹوں کو اڑا لیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مذکورہ ہوٹل میں لیبیا میں قطر کا سفارتی عملہ موجود ہوتا ہے تاہم حملے کے وقت وہ وہاں موجود نہیں تھا۔

ایصام کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت ہوٹل میں لیبیا کی خود ساختہ حکومت کے سربراہ عمر الحاسی موجود تھے تاہم ان کو باحفاظت نکال لیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں