حکومتی کارکردگی سڑکوں پرآنے پر مجبور کررہی ہے، اسد عمر

27 جنوری 2015
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر—فائل فوٹو۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر—فائل فوٹو۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت کی کارکردگی عوام اور اپوزیشن جماعتوں کو احتجاج کی جانب دھکیل رہی ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام ' نیوز آئی' میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 سے 6 ہفتوں کے دوران نیشنل گرڈ سسٹم بریک ہوا ،جب کہ ایسا پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہواکہ بجلی کی فراہمی میں بڑے پیمانے پر اس قدر تسلسل کے ساتھ خرابی پیدا ہوئی ہو۔

اسد عمر کے مطابق مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بجلی کی قیمتوں میں 80 فیصد اضافہ کیا گیا، اس کے باوجود بجلی کے شعبے کو نقصانات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے شعبے پر جس پہلو سے بھی نظر ڈالی جائے اندازہ ہوگا کہ وہ مزید خرابی کی طرف جارہا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت اور ن لیگ کے موجودہ دور میں تقابل کے سوال پر اسد عمرکا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت کی کارکردگی ناقص ترین تھی اور موجودہ حکومت بھی انہی کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے مفاد میں ہے کہ وہ فوری طور پر الیکشن کا اعلان کرے، بصورت دیگر اگر اسی طرح 5 سال چلتے رہے تو یہ ملکی سیاست سے باہر ہوجائیں گے۔

'عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی گئیں لیکن جب اسلام آباد کے دھرنے میں اس حوالے سے آواز بلند ہوئی تو وزیراعظم نے قیمتیں کم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ تحریک انصاف کے مطالبے پر بجلی کی قیمتیں بھی کم کی گئیں تاہم دھرنا ختم ہونے کے بعد سے پیٹرول پر جی ایس ٹی میں اضافہ کردیا گیا جبکہ بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا'۔

اسد عمر کے مطابق حکومت کی جانب سے عوام کو یہ پیغام جا رہا ہے کہ وہ سڑکوں پر آکے اپنا حق مانگیں گے تو ملے گا ۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں اول تو عوام کے مسائل زیر بحث ہی نہیں آتے اور اگر بات ہوبھی جائے تو ان کا نتیجہ کچھ نہیں نکلتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کی صورت میں کہا جاتا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے 'ایسی جمہوریت جو عوام کی زندگی میں بہتری نہ لاسکے اس جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں'۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں شہباز شریف دعوے کیا کرتے تھے کہ وہ 6 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے ورنہ وہ اپنا نام بدل لیں گے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نہ صرف بجلی کے معاملے پر بلکہ دیگر تمام امور میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔

ان کہنا تھا کہ تمام ریاستی ادارے اور سیاسی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں اس کے باجود دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکامی کا سامنا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں