دبئی: دبئی ائیر پورٹ نے لندن کے ہیتھرو کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کا سب سے مصروف ہوائی اڈہ بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

دبئی ائیرپورٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال یہاں ٹریفک 6.1 فیصد بڑھ کر 70.47 ملین مسافروں تک پہنچ گیا۔

حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سال مسافروں کی تعداد مزید بڑھ جائے گی۔

دبئی انٹرنیشنل مشرق وسطی کی سب سے بڑی ائیر لائن ایمرٹس کا گھر بھی ہے۔ ایمرٹس، ابوظہبی کی اتحاد ائیر لائن اور قطر ائیر ویز مغرب، ایشیاء اور آسٹریلیشیا کے نمایاں حصے پر غلبہ رکھتے ہیں۔

دبئی ائیرپورٹس کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید المختوم نے ایک بیان میں اسے تاریخی سنگ میل قرار دیا۔

'ہمارا مشترکہ ہدف دبئی کو ایوی ایشن کا عالمی مرکز بنانا ہے اور ہم اس ہدف کے قریب ہیں'۔

دبئی ائیرپورٹس کے سی ای او پال گریفتھس نے کہا کہ آمد اور روانگی کا ایک نیا ہال کھولنے کے بعد رواں سال دبئی انٹرنیشنل میں سالانہ گنجائش نو کروڑ مسافروں تک پہنچ جائے گی۔

خیال رہے کہ محدود تیل کے ذخائر رکھنے والا دبئی کئی دہائیوں سے دوسرے شعبوں مثلاً تجارت، ٹرانسپورٹ اور سیاحت کے ذریعے اپنی معیشت کو متنوع بنا رہا ہے۔

دبئی کے برعکس لندن کا ہیتھرو ائیرپورٹ ابھی مزید ترقی کی جدو جہد کر رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال ہیتھرو پر 68.1 ملین عالمی مسافر آئے اور گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں