شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ، 7 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 28 جنوری 2015
۔—رائٹرز فائل فوٹو۔
۔—رائٹرز فائل فوٹو۔

پشاور: شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 7 مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ ڈرون حملہ شوال کے علاقے میں ہوا جس میں ایک مکان اور گاڑی کا نشانہ بنایا گیا۔

حملے کے دوران ڈرون نے دومیزائل داغے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں اور کچھ مبینہ عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے میں مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈرون حملہ جنوبی و شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں ہوا۔

تاحال ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔

یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے آپریشن ضرب عضب جاری ہے جس کے دوران سیکڑوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

گزشتہ روز پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے بھی شمالی وزیرستان کو ہدف بنایا تھا جس کے نتیجے میں 76 عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

شمالی وزیرستان پاکستان کے سات قبائلی اضلاع میں سے ایک ہے جسے طالبان، القاعدہ اور دیگر تنظیموں کے عسکریت پسندوں کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

ڈرون حملے پاکستان میں انتہائی نامقبول ہیں۔ ایک حالیہ سروے میں 66 فیصد پاکستانی ملک میں ڈرون حملوں کے مخالف پائے گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں