ہندوستان سہ ملکی سیریز سے باہر

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2015
جیمز ٹیلر نے 83 رنز کی فاتحانہ باری کھیلی۔ فوٹو رائٹرز
جیمز ٹیلر نے 83 رنز کی فاتحانہ باری کھیلی۔ فوٹو رائٹرز

پرتھ: انگلینڈ نے جوز بٹلر اور جیمز ٹیلر کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستان سے یقینی فتح چھینتے ہوئے تین وکٹ سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سہ ملکی سیریز کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔

انگلینڈ نے پرتھ کی پچ پر ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں غلط ثابت ہوا اور ہندوستانی اوپنرز نے 83 رنز کی شاندار اوپننگ شراکت بنائی۔

شیکھر دھاون آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے 38 رنز بنائے لیکن اس کے بعد ہندوستانی بیٹنگ لائن میں بھونچال آ گیا اور اجنکیا راہانے کے سوال کوئی بی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔

وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے سبب ہندوستانی ٹیم 165 رنز پر نو وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

محمد شامی نے 25 رنز کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو 200 کے مجموعے تک پہنچایا۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹیون فن نے تین جبکہ کرس ووکس، اسٹورٹ براڈ اور معین علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں انگلینڈ نے بلے بازی شروع کی تو اسٹورٹ بنی کی شاندار باؤلنگ کے سامنے انگلش بیٹنگ صرف 66 رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم ہو گئی تھی۔

اس موقع پر وکٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے میچ میں ہندوستان کی فتح یقینی دکھائی دیتی تھی لیکن جیمز ٹیلر اور جوز بٹلر نے ہندوستانی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 125 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔

ہدف سے چند روز کی دوری پر دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ گئے لیکن ٹیل اینڈرز نے اس کے بعد باآسانی اپنی ٹیم کی نیا پار لگا دی۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا سامنا آسٹریلیا سے ہو گا۔

جیمز ٹیلر کو 83 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں