جنید کا آج انجری ٹیسٹ متوقع

01 فروری 2015
۔ — اے پی فوٹو
۔ — اے پی فوٹو

لاہور: اکثر و بیشتر انجریز میں گھرے رہنے والے جنید خان کااتوار کو لاہورکی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ متوقع ہے۔

انتہائی باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ٹیسٹ رپورٹ طے کرے گی کہ آیا لیفٹ آرم تیز باؤلر ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل ہو پائیں گے یا نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمسٹرنگ انجری کے شکار جنید کا فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کا امکان 50-50 ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ مہینے لاہور میں ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں جنید ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

پہلے پہل ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل ہونے والے جنید دوبارہ زخمی ہوجانے پر 20 جنوری کو آخری لمحات میں سکواڈ سے مجبوراً باہر ہو گئے۔

بعد میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے زخمی جنید کی جگہ آل راؤنڈر بلاول بھٹی کو چار میچوں (دو پریکٹس اور نیوزی لینڈ کے خلاف دو ون ڈیز)کیلئے منتخب کر لیا۔

جنید کے ٹیسٹ میں ناکام رہنے کی صورت میں بھٹی ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ بنے رہیں گے۔

ہفتہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں پاکستانی پیس اٹیک کی معمولی کارکردگی کے بعد جنید کا فٹنس ٹیسٹ مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

دوسری جانب ، نیوزی لینڈ سے آنے والی خبروں کے مطابق وہاب ریاض اور سہیل خان بھی معمولی فٹنس مسائل کا شکار ہیں۔ تاہم ، امکان ہے کہ وہ جلد ہی صحت یاب ہو جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں