کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی رینجرز نے مبینہ "انکاؤنٹر" میں لیاری گینگ وار کے اہم کارندے شیراز کامریڈ سمیت 5 افراد کو ہلاک کر دیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی علاقے ملیر ندی کے قریب رینجرز سے مقابلے میں گینگ وار کے پانچ کارندے مارے گئے۔

ملیر ندی کے قریب رینجرز اہلکاروں نے سرچ آپریشن شروع کیا تھا تو مبینہ طور پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔

رینجرز نے فوری طور پر جوابی کارروائی شروع کی تو جوابی فائرنگ سے گینگ وار کے پانچ کارندے مارے گئے۔

کارروائی میں رینجرز کے کسی بھی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی کہ ان پر ملزمان کی جانب سے کی جانے والئ فائرنگ سے کوئی اہلکار زخمی ہوا ہو یا رینجرز کی کسی گاڑی کو نقصان ہوا ہو۔

مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت شیراز کامریڈ ، اکبر ملیری، خالدلاشاری، گلاب حسن عرف پیرو اور یوسف پٹھان کے نام سے ہوئی۔

رینجرز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزمان قتل ، اقدام قتل، دہشت گردی اور اغواء برائے تاوان کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے ۔

ترجمان نے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں