غیر ملکی کوہ پیماؤں کیلئے خصوصی پولیس

23 فروری 2015
گلگت: آئی جی ظفر اقبال اعوان خصوصی دستہ کے اہلکاروں سے ہاتھ ملاتے ہوئے۔ — تصویر ڈان
گلگت: آئی جی ظفر اقبال اعوان خصوصی دستہ کے اہلکاروں سے ہاتھ ملاتے ہوئے۔ — تصویر ڈان

گلگت: گلگت – بلتستان کی پولیس نے اونچی چوٹیوں پر غیر ملکی کوہ پیماؤں اور سیاحوں کی سیکورٹی کیلئے خصوصی دستہ تشکیل دیا ہے۔

گلگت – بلتستان پولیس نے اتوار کو ایک جاری پریس ریلیز میں بتایا کہ دستہ میں ابتدائی طور پر 50 پولیس اہلکار ہوں گے، جن کی تعداد میں بعد ازاں اضافہ کیا جائے گا۔

بیان میں بتایا گیا کہ 'آئی جی پولیس ظفر اقبال اعوان کی ہدایات پر پہلی مرتبہ خطے میں ایسا خصوصی پولیس دستہ تشکیل دیا گیا'۔

ایک پولیس افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ دستہ میں شامل اہلکاروں کو نانگا پربت، کے ٹو اور دوسری مشہور چوٹیوں پر مہم جوئی کرنے والے غیر ملکی کوہ پیماؤں کے ساتھ بھیجا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ دستہ نانگا پربت بیس کیمپ سمیت خطے کے حساس علاقوں میں موجود غیر ملکی سیاحوں کو سیکورٹی بھی فراہم کرے گا۔

یاد رہے کہ 2013 میں عسکریت پسندوں نے نانگا پربت بیس کیمپ پر دھاوا بولتے ہوئے دس غیر ملکی کوہ پیماؤں اور ایک مقامی گائیڈ کو ہلاک کر دیا تھا۔

افسر نے بتایا کہ واقعہ کے کئی غیر ملکی گروپوں نے سیکورٹی خدشات پر اپنے دورے منسوخ کر دیے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی سیاح عموماً گرمیوں میں یہاں کا رخ کرتے ہیں اور پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے انہیں سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خصوصی دستہ کی مناسب تربیت اور ساز و سامان فراہم کیا جائے گا۔

بیان میں بتایا گیا کہ آئی جی پولیس نے دیامر کے ایس پی کو 12 خصوصی کٹس بھی دی ہیں جو مشہور چوٹیاں سر کرنے کی کوشش میں مصروف غیر ملکی کوہ پیماؤں کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروں کو دی جائیں گی۔

اس موقع پر آئی جی پولیس نے کہا کہ ماضی میں پولیس اہلکار عام وردیاں پہنتے تھے جو اونچے مقامات کیلئے غیر موزوں تھیں لیکن اب انہیں شدید سردی اور دوسری مصیبتوں سے بچانے کیلئے خصوصی کٹس دی جا رہی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں