گیل کی آندھی نے کئی ریکارڈ اڑا کر رکھ دیے

اپ ڈیٹ 24 فروری 2015
کرس گیل کا ڈبل سنچری بنانے کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی
کرس گیل کا ڈبل سنچری بنانے کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی
ویسٹ انڈین اننگ کا اسکور کارڈ۔ فوٹو رائٹرز
ویسٹ انڈین اننگ کا اسکور کارڈ۔ فوٹو رائٹرز

کینبرا: ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے درمیان میچ میں کرس گیل اور مارلن سیمیولز نے اپنی شاندار بلے باز سے ایک روزہ کرکٹ میں کئی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔

ویسٹ انڈین کرس گیل نے ریکارڈ اننگز کھیل کر زمبابوے کے خلاف138 گیندوں پر ڈبل سینچری داغ دی جو کہ ون ڈے میں اب تک تاریخ کی سب سے تیز ترین ڈبل سنچری ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ بھی عجیب اتفاق ہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں پہلی ڈبل سنچری ہندوستانی بلے باز سچن ٹنڈولکت نے 24 فروری 2010 کو اسکور کی اور کرس گیل بھی ٹھیک پانچ سال بعد اس صف میں لٹل ماسٹر کے ہم پلہ ہو گئے اور ڈبل سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس کے ساتھ ہی ایک اننگز میں سب سے ذیادہ رنز اسکور کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے درجے پر فائز ہونے والے بلےباز کرس گیل نے ہندوستان کے کھلاڑی روہت شرما اور سہواگ کے بعد 215رنز اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ 264 رنز بنانے کا ریکارڈ روہت شرما کے پاس ہے جو انہوں نے سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔

اس کے ساتھ جارح مزاج اوپنر نے ورلڈ کپ کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کرنے کا بھی اعزاز حاصل کر لیا، اس سے قبل ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن کے پاس تھا جنہوں نے 1996 کے ورلڈ کپ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف 188 رنز بنائے تھے۔

گیل ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے چوتھے بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ اس صف میں شامل واحد ایسے بیٹسمین ہیں جس کا تعلق ہندوستان سے نہیں، اس سے قبل ڈبل سنچری بنانے والے تینوں کھلاڑیوں کا تعلق انڈیا سے ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ وہ کرکٹ میں واحد ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں سنچری، ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری اور ٹیسٹ میچوں میں ٹرپل سنچری بھی بنا رکھی ہے، اس کے علاوہ کسی بھی بلے باز کو یہ اعزاز حاصل نہیں۔

کرس گیل نے جارحانہ بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 چھکے لگا کر کسی بھی ون ڈے میچ میں سب سے ذیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے اسٹار بلے باز اے بی ڈی ویلئر ز اور ہندوستان کے بہترین اوپنر روہت شرما بھی ایک روزہ کرکٹ میں 16، 16 چھکے مار چکے ہیں۔

گیل نے ڈبل سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ مارلن سیمیولز کے ساتھ 372 رنز کی شراکت قائم کر ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ ایک روزہ کرکٹ کی بھی سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 1999 کے ورلڈ کپ میں ہندوستان کے بلے باز سارو گنگولی اورراہول ڈریوڈ نے 318 رنز کی شراکت کا ریکارڈ سری لنکا کے خلاف بنایا تھا جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر اور ڈریوڈ کے پاس تھا جنہوں نے 1999/2000 میں 331 رنز کی شراکت قائم کر کے ایک روزہ کرکٹ کا نیا ریکارڈ بنایا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Kashi Feb 24, 2015 03:16pm
Very Nice Information on time. Keep It Up Sports Team!