'میچ پر حاوی ہونے کی کوشش کرتا ہوں'

27 فروری 2015
جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈیویلیئرز —تصویر بشکریہ آئی سی سی۔
جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈیویلیئرز —تصویر بشکریہ آئی سی سی۔

جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈیویلیئرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد اپنے بیٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ درست موقع کا انتظار کرتے ہیں اور جب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ لمحہ آگیا ہے تو کھیل پر حاوی ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں 257 رنز سے فتح بٹورنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ایسا احساس ہر بار نہیں ہوتا کہ آپ کو لگنے لگے کے آپ باؤلر سے ایک قدم آگے ہیں لیکن جب ایسا محسوس ہونے لگے تو آپ کو (ہٹ لگانے کی) کوشش کرنی چاہیے۔'

انہوں نے کہا کہ آپ کریز پر آنے کے بعد ایڈجسٹ ہونے کی کوشش کرتے ہیں اور مومینٹم حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور جب آپ ایسا کرلیں تو پھر آپ گیم پر کسی حد تک کنٹرول حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساتھی بلے باز ریلے روسو نے شراکت میں ان کا بھرپور ساتھ دیا جس کی وجہ سے وہ جارحانہ بلے بازی کرپائے کیوں کہ اس سے قبل کچھ وکٹیں گر گئی تھیں اور دباؤ ٹیم پر آرہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ریلے کی وجہ سے انہیں وکٹ آسان لگنے لگی جو کہ پچھلے 10 -15 اوورز میں مشکل دکھائی دے رہی تھی۔

ویسٹ ایڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے اعتراف کیا کہ اے بی ڈویلیئرز کی جارحانہ بلے بازی کا ان کے پاس جواب نہیں تھا اور گروانڈ پر وہ بے بس تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈویلیئرز کو پہلے آنے والے بلے بازوں نے بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہوا تھا اور انہوں نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔

تبصرے (0) بند ہیں