کراچی : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا ہے کہ ہاتھوں سے معذور افراد متعلقہ کمپنی کی فرنچائز جاکر سم اپنے نام کروا سکتے ہیں۔

ڈان نیوز کے پروگرام خبر سے خبر میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ ایسے افراد جو ہاتھوں سے معذور ہیں انہیں اصل شناختی کارڈ کے ساتھ متعلقہ موبائل کمپنی کے کسٹمر سروس سینٹر جا کر سم اپنے نام کروانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ معذور افراد کا شناختی کارڈ اسکین کرکے نادرا کو بھجوایا جائے گا، تصدیق کے بعد سم ان کے نام کی جائے گی جس کے بعد ہاتھوں سے محروم یا غیر واضح فنگر پرنٹس والے افراد کو بائیو میٹرک تصدیق کی ضرورت نہیں ہوگی۔

چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ سمندرپار بسنے والے پاکستانی جو سم کی تصدیق کے لیے فوری طور پر پاکستان نہیں آسکتے، اطلاع کی صورت میں ان کی سم ایک سال تک کسی اور صارف کو جاری نہیں کی جائے گی، ایسے افراد چاہیں تو اپنی سمیں پاکستان میں موجود اپنے کسی عزیز کے نام بھی کرا سکتے ہیں۔

ڈاکٹر اسماعیل شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے مرحملے میں اب تک ملک بھر میں 6 کروڑ 20 لاکھ سمز کی بائیو میٹرک تصدیق جب کہ ایک لاکھ بلاک کی جاچکی ہیں، دوسرے مرحلے میں موبائل صارفین کو میسج کے ذریعے تاریخ دی جائے گی، پھر بھی تصدیق نہ کروانے پر سم بند کردی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ جو موبائل فون سمیں بائیومیٹرک تصدیق نہ کروائے جانے کے باعث بند کردی گئی ہیں، انھیں ایک ماہ تک دوبارہ کھلوایا جاسکتا ہے،ایک ماہ بعد وہ سم کسی اور صارف کو جاری کردی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں