شامی باغیوں کی ترکی،سعودی عرب اور قطر میں تربیت کا اعلان

28 فروری 2015
امریکا 5ہزار کرد باغیوں کو تربیت دے گا۔۔۔ فوٹو: رائٹرز
امریکا 5ہزار کرد باغیوں کو تربیت دے گا۔۔۔ فوٹو: رائٹرز

ورجینیا: امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے ترجمان ریئر ایڈمرل جان کربی نے کُرد جنگجوں کی ترکی ، سعودی عرب اور قطر میں تربیت کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے وی او اے کی رپورٹ کے مطابق امریکی منصوبے کے تحت 2015 کے اختتام تک 5000 افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

امریکا نے ترکی سے گزشتہ ہفتے معاہدہ کیا تھا۔

اسی معاہدے کے بعد شام میں لڑنے والے اعتدال پسند باغیوں کی تربیت کا آغاز 4ہفتوں کے دوران ہو جائے گا۔

جان کربی کے مطابق اور اس سلسلے میں 1500شامی باغیوں کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے، جن کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہر ٹریننگ سیشن میں 200 سے 300 کرد جنگجو شامل ہوں گے۔

پینٹاگون کے ترجمان نے بتایا کہ ٹریننگ کے سلسلے میں ایک ہزار امریکی فوجی خطے میں روانہ کیے جارہے ہیں جبکہ 100امریکی اعلیٰ تربیت یافتہ فوجی پہلے ہی پہنچ چکے ہیں۔

پینٹاگون کے مطابق باغیوں کو ابتدائی طور پر داعش کے خلاف لڑنے کیلئے تربیت فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ شام اور عراق کے بڑے حصے پر شدت پسند تنظیم داعش قابض ہے جس نے وہاں جون 2014 میں خلافت کا اعلان کرکے ابوبکر البغدای کو خلیفہ مقرر کیا تھا۔

داعش کی خلافت کے اعلان سے قبل 2011 میں شام میں شورش شروع ہوئی تھی جس میں باغیوں کی جانب سے صدر بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹانے کی مسلح جدو جہد کی جا رہی تھی، بشار الاسد کے خلاف لڑنے والے باغیوں کو امریکا اور مغربی طاقتوں کی حمایت حاصل تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں