کیا پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں واپس آرہی ہے؟

28 فروری 2015
ڈاکٹر عارف علوی۔ —. فائل فوٹو
ڈاکٹر عارف علوی۔ —. فائل فوٹو

اسلام آباد: کیا پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں واپس لوٹ رہی ہے؟ کم از کم پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن ڈاکٹر عارف علوی تو سینیٹ کے انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف حکومت کی مجوزہ بائیسویں آئینی ترمیم کے لیے ووٹ دینے میں کوئی حرج نہیں سمجھتے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ’’یہ حکومت کی جانب سے ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس کے حوالے سے میں سمجھتا ہوں کہ پی ٹی آئی کو ایوان میں ووٹ دینا چاہیے۔‘‘

ڈان سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ’’میں یہ معاملہ پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں اُٹھاؤں گا۔‘‘

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین نے حکومت کے خلاف اپنی مہم کے ایک حصے کے طور پر قومی اسمبلی سے پچھلے سال اگست میں استعفے دے دیے تھے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے سب سے پہلے سینیٹ کے انتخابات میں اوپن بیلیٹنگ کا مطالبہ کیا تھا، جس سے یہ احساس ہوتا ہے کہ ان کی پارٹی اس ترمیم کے لیے ووٹ ڈالے گی، جو اگر پاس ہوگئی تو پانچ مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے انتخابات میں اوپن بیلیٹنگ ممکن ہوجائے گی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ’’اس اجلاس کے بعد میں نے بھی وزیراعظم سے کہا تھا کہ 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے، لہٰذا ہمیں قومی اسمبلی میں واپس لوٹ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔‘‘

جب سے پی ٹی آئی نے سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے اراکین قومی اسمبلی کی ایک نمایاں اکثریت کا اصرار ہے کہ انہیں ایوان میں واپس جانا چاہیے۔ تاہم پی ٹی آئی کی اعلیٰ سطحی قیادت میں سے چند اب بھی زور دے رہے ہیں کہ جب تک کہ حکومت عدالتی کمیشن تشکیل نہیں دیتی، اس وقت پارٹی کو پارلیمنٹ سے باہر رہنا چاہیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Mar 01, 2015 01:01am
کمیشن ممیشن کچھ نہیں بنیگا یہ سب کچھ پرانی باتیں ھیں یاد کرنا بھی بیکار ھے دھاندلی دھاندلی کی پکار بھی اب ماند پڑ چکی ھے اسمبلی میں واپسی ھوگی اکثریت یہی چاہتی ھے عمران کیلئے اسمبلی میں مشکل ھوگا جوکچھ انہوں نے دھرنوں کے دوران کہا ھے وہ کیسے ان لوگوں سے انکھیں ملائیگا