آفریدی کے پاس سالگرہ یادگار بنانے کا سنہری موقع

28 فروری 2015
پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی—اے ایف پی فائل فوٹو۔
پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی—اے ایف پی فائل فوٹو۔

برسبین: اسٹار پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کل اپنی 35ویں سالگرہ منائیں گے اور زمبابوے کے خلاف میچ اس موقع کو یادگار بنانے کا شاندار موقع ہے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں اتوار کو پاکستانی ٹیم زمبابوے کے مدمقابل ہو گی اور یکم مارچ یعنی اتوار ہی کو آفریدی اپنی سالگرہ منائیں گے۔

صاحبزادہ شاہد خان آفریدی یکم مارچ 1980 کو خیبر ایجنسی میں پیدا ہوئے اور 1996 میں اپنے دوسرے ہی انٹرنیشنل میچ 37 گیندوں پر دنیا کی تیز ترین سنچری بنا کر راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔

ان کا یہ ریکارڈ تقریباً 17 سال تک قائم رہا جسے نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن اور پھر جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے نام کر لیا۔

اب زمبابوے کے خلاف میچ میں شاہد آفریدی کے پاس اپنی سالگرہ کو یادگار بنانے کا نادر موقع ہے اور زمبابوے کے خلاف ان کے شاندار ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے یہ کپنا غلط نہیں ہو گا کہ وہ واقعی اس دن کو اپنے اور پاکستانی شائقین کے لیے یادگار بنا سکتے ہیں۔

آفریدی زمبابوے کےخلاف 30 میچوں میں 34 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے 31.75 کی اوسط سے 762 رنز بھی بنا رکھے ہیں۔

زمبابوے کے خلاف میچ آفریدی کے پاس اس یادگار دن کو اپنے نام کرنے کا خاص موقع ہے اور یہ مکنہ طور پر آخری موقع ہو گا جب وہ ورلڈ کپ میں اپنی سالگرہ کے دن پاکستان کی نمائندگی کریں گے، اب دیکھنا ہے کہ لالا اس دن کو کیسے یادگار بناتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں