مصباح ون ڈاؤن پر بیٹنگ کریں، شعیب اختر

28 فروری 2015
پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر—فائل فوٹو۔
پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر—فائل فوٹو۔

کراچی: پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ون ڈاؤن آکر بیٹنگ کرنی چاہیے۔

پاکستانی ٹیم کا اب تک ورلڈ کپ میں سفر مایوس کن رہا ہے جہاں گرین شرٹس کو ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھاری مارجن سے شکستوں کا سامنا کڑنا پڑا۔

اتوار کو پاکستانی ٹیم بریسبین میں زمبابوے کے مدمقابل ہوگی۔ کوارٹرفائنل تک رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھنےکیلیے مصباح الیون کو لازمی فتح حاصل کرنا ہوگی۔

مزید پڑھیں: امید کا دامن نہ چھوڑیں، مصباح

ہفتے کو نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران شعیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کپتان ون ڈاؤن آکر اننگ کو 25-30 اوورز تک لے جائیں اور ٹیم کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کا کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ مصباح چاہیں تو محتاط انداز میں ہی بیٹنگ کرلیں پھر آگے آنے والے بلے باز جارحانہ انداز میں کھیل کر ٹیم کو اچھے مجموعے تک پہنچائیں۔

سابق گیند باز نے کہا کہ مصباح کو اب دلیری دکھانا ہوگی اور اگر وہ ایسا کرگیا تو پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ بھی جیت سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوارٹر فائنل تک رسائی کے بعد صرف تین اچھے میچوں کی ضرورت ہوگی، مصباح ورلڈ کپ جیت کر قومی ہیرو بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم ہمیشہ کپتان کی طرف دیکھتی ہے، 1992 میں عمران خان کے پاس نہ بیٹنگ تھی نہ باؤلنگ پھر ورلڈ کپ جتوا گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مصباح کی زندگی کا آخری ٹورنامنٹ ہے، دل سے چاہتا ہوں مصباح دلیری دکھاکر ورلڈ کپ میں کم بیک کرے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Nadeem Mar 01, 2015 12:12am
معذرت کے ساتھ شعیب اختر صاحب مشورہ آپ کا تب قابل قبول ہوتا جب آپ نے خود ماضی میں کبھی اچھیپرفارمنس دکھائی ہوتی. آپ تو سال کے 364 دن انجری کے بحانے باہر رہتے تھے