یوم پاکستان پریڈ پر حملے کا منصوبہ 'ناکام'

اپ ڈیٹ 02 مارچ 2015
فروری میں اسلام میں ایک سرچ آپریشن کے دوران گرفتاردہشت گردوں نے 23 مارچ کو دارلحکومت میں ہونے والی فوجی پریڈ پر حملہ کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا ہے — اے ایف پی فائل فوٹو
فروری میں اسلام میں ایک سرچ آپریشن کے دوران گرفتاردہشت گردوں نے 23 مارچ کو دارلحکومت میں ہونے والی فوجی پریڈ پر حملہ کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا ہے — اے ایف پی فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے 23 مارچ کو ہونے والی یوم پاکستان پریڈ پر دہشت گردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ 19 فروری کو امام بارگاہ قصر سکینہ میں ہونے والے ناکام خود کش حملے کے بعد پولیس کی جانب سے اسی روز غوری ٹاون کا سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا تھا جب کہ دو دہشت گردوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے دہشت گردوں نے دوران تفتیش 23 مارچ کو اسلام آباد میں یوم پاکستان کی پریڈ میں دہشت گردی کے منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔

یاد رہے کہ حکومت نے 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پرافواج کی مشترکہ پریڈ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ یہ پریڈ گزشتہ سات برس سے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر منعقد نہیں کی جا رہی تھی۔

فوجی پریڈ کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب دسمبر میں دہشت گردوں نے پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرکے 132 سے زائد بچوں سمیت 150 سے زائد افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں