معین خان آج چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کریں گے

03 مارچ 2015
بائیں سے دائیں: پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئر مین شہریار خان—۔فوٹو/ اے ایف پی
بائیں سے دائیں: پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئر مین شہریار خان—۔فوٹو/ اے ایف پی

لاہور : چیف سلیکٹر معین خان جو پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کرکے ورلڈکپ کے دوران نیوزی لینڈ میں کیسینو جانے کے معاملے پر اپنی پوزیشن صاف کرنا چاہتے تھے، نے اس ملاقات کو اپنے عہدے سے استعفے پر غور کرنے کے باعث منگل تک ملتوی کردیا۔

شہریار خان نے معین کو آسٹریلیا سے وطن واپس پہنچنے کی ہدایت کی تاکہ وہ کرائسٹ چرچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کے میچ کے موقع پر کیسینو جانے کے واقعے پر اپنی پوزیشن کی وضاحت کرسکیں۔

معین خان پیر کی دوپہر لاہور پہنچ گئے تھے مگر اس سے قبل صبح کو انہوں نے پی سی بی سربراہ سے رابطہ کرکے ملاقات کو طبی وجوہات کی بناءپر منگل تک ملتوی کرنے کی درخواست کی۔

پی سی بی کے ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ معین خان اب چیئرمین سے منگل کو ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب ڈان کو باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ معین خان اپنے اقدام پر چیئرمین کو قائل نہ کرپانے کی صورت میں انتہائی سنجیدگی سے چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بارے میں غور کررہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا " معین خان نے کیسینو جاکر اپنے معاہدے کی ایک جنرل شق کی خلاف ورزی کی ہے جو انہیں کسی بھی ایسے واقعے سے روکتا ہے جو کہ ملک کی بدنامی کا باعث بنے، یہ ممکن ہے کہ پی سی بی اس معاملے میں ان شقوں کا اطلاق کرتے ہوئے ان کے معاہدے کو معطل کردے، مگر معطلی سے بچنے کے لیے معین خان اس عہدے کو چھوڑنے کو ترجیح دے سکتے ہیں"۔

تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ نہ پی سی بی اور نہ ہی معین خان 29 مارچ کو ورلڈکپ کے اختتام سے قبل ممکنہ طور پر کسی سخت اقدام کو عوام کو سامنے لائیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا " بورڈ ممکنہ طور پر اس معاملے کو ورلڈکپ کے دوران کسی تنازع سے بچنے کے لیے التواءمیں رکھنا پسند کرے گا"۔

پی سی بی چیئرمین اس ہفتے ہندوستان روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ بی سی سی آئی کے نومنتخب صدر جگموہن ڈالمیا سے ملاقات کریں گے اور معین خان کے معاملے پر فوری فیصلہ اس ماہ نہ ہونے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں