'ہارس ٹریڈنگ عمران کی وجہ سے شروع ہوئی'

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2015
وفاقی اطلاعات پرویز رشید نے صوبہ خیبر پختونخوا کو ہارس ٹریڈنگ کا گڑھ قرار دے دیا—۔فائل فوٹو/ اے پی پی
وفاقی اطلاعات پرویز رشید نے صوبہ خیبر پختونخوا کو ہارس ٹریڈنگ کا گڑھ قرار دے دیا—۔فائل فوٹو/ اے پی پی

اسلام آباد: وفاقی اطلاعات پرویز رشید نے صوبہ خیبر پختونخوا کو ہارس ٹریڈنگ کا گڑھ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ملک میں ہارس ٹریڈنگ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی وجہ سے شروع ہوئی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے الزام لگایا کہ سینیٹ انتخابات سے پہلے تمام کھلاڑی اور بیوپاری خیبر پختونخوا پہنچ چکے ہیں۔

انھوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب عمران خان جرات کریں اور سینیٹ ٹکٹ کے لیے پندرہ کروڑ روپے کی پیشکش کرنے والے کا نام بتائیں اور اگرعمران خان نے نام نہ بتایا تو وہ خود نام بتادیں گے۔

وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے جنگل کے درختوں کو آگ لگانے والے کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کے غیر ذمہ دارانہ رویے نے تمام اداروں کو نقصان پہنچایا اورانہوں نے ایسے لوگوں کو سینیٹ کے ٹکٹ دیئے، جن کا سیاست میں نام تک نہیں سنا گیا۔

واضح رہے کہ پرویز رشید کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ہارس ٹریڈنگ کا محافظ قراردیا تھا۔

عمران خان کے ترجمان عمرچیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان مل کر وفاداریوں کی تجارت میں مصروف ہیں اور یہ بھی ثابت ہوچکا ہے کہ بائیس ویں آئینی ترمیم ایک جھوٹا ڈرامہ تھی۔

پی ٹی آئی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں شفافیت کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خیبر پختونخوا میں صاف شفاف انتخابات کی خود نگرانی کریں گے اور ہارس ٹریڈنگ کو بے نقاب کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

saqib Mar 03, 2015 07:03pm
This man is a real silly