دلیپ کمار واٹس ایپ کے ہاتھوں 'ہلاک'

03 مارچ 2015
یہ  تیسرا موقع ہے جب دلیپ کمار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس نے دنیا سے ' کوچ' کروا دیا ہے— اے ایف پی فائل فوٹو
یہ تیسرا موقع ہے جب دلیپ کمار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس نے دنیا سے ' کوچ' کروا دیا ہے— اے ایف پی فائل فوٹو

سوشل میڈیا سائٹس پر افواہیں تو سامنے آتی ہی رہتی ہیں مگر لگتا ہے کہ اس کے صارفین کو بولی وڈ لیجنڈ دلیپ کمار سے کوئی خاص دشمنی ہے جو انہوں نے ایک بار پھر انہیں مردہ قرار دے دیا ہے۔

اور یہ پہلی یا دوسری بار نہیں بلکہ تیسرا موقع ہے جب دلیپ کمار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس نے دنیا سے ' کوچ' کروا دیا ہے۔

اس بار لیجنڈ اداکار کی ہلاکت کا بیڑہ واٹس ایپ نے اٹھایا اور ایک ٹوئیٹر صارف نے اس پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے ' کیونکہ ٹوئیٹر آخری دو مواقعوں پر موثر طریقے سے کام مکمل نہیں کرسکا تو اب واٹس ایپ نے یہ کام کیا ہے'۔

واٹس ایپ میں یہ پیغام منطرعام پر آیا تھا کہ بولی وڈ سپراسٹار ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں انتقال کرگئے ہیں حالانکہ 92 سالہ اداکار زندہ ہیں۔

دلیپ کمار پہلے اداکار نہیں جوو اس طرح کی افواہ کی زد آئے ہیں بلکہ کئی بار ایسا ہوچکا ہے بلکہ گزشتہ ماہ شکتی کپور کے بارے میں بھی ایسی ہی افواہ سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی۔

گزشتہ سال سلمان خان کی بہن ارپیتا کی شادی کے دو دن بعد اسی طرح کی افواہ ٹوئیٹر پر سامنے آنے کے بعد بولی وڈ اسٹار امیتابھ بچن نے ٹوئیٹر پر اس کی تردید اپنے ٹوئیٹ میں کرتے ہوئے کہا کچھ بے بنیاد افواہیں یوسف صاحب کے حوالے پھیلی ہوئی ہیں جبکہ ان کی اہلیہ سائرہ ی نے مجھے بتایا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

اس سے کچھ عرصہ پہلے بھی جب دلیپ کمار ممبئی کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھے تو ان کی موت کی افواہ پھیلنا شروع ہوگئی تھی یہاں تک کہ معروف ڈائریکٹر نے ٹوئیٹر پر تعزیت تک کا اظہار کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں