خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو پرہرممکن تعاون کرینگے، بل گیٹس

03 مارچ 2015
بل گیٹس فائنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس—رائٹرز فائل فوٹو۔
بل گیٹس فائنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس—رائٹرز فائل فوٹو۔

کراچی: مائیکروسافٹ کے شریک بانی، بل گیٹس فاؤنڈیشن کے چیرمین اور دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس نے خیبر پختونخوا حکومت کی انسداد پولیو کی کوششوں کا سراہا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ وہ صوبے کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کیلیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

انہوں نے اس موقع پر عمران خان کو خیبر پختونخوا میں 'صحت کا انصاف' مہم کی کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔

بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے صحت کا اتحاد مہم اُمید کی کرن ہے اور مہم نے اب اچھے نتائج دینا شروع کردیے ہیں۔

بل گیٹس نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی دینے کے حوالہ سے پاک فوج کا کردار بھی قابل تحسین ہے جبکہ بل گیٹس نے صحت کے اتحاد میں عمران خان کے قائدانہ کردار کو بھی سراہا۔

پشاور میں آرمی پبلک اسکول واقعے پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس دہشت گردی کے واقعے پر انہیں بہت دکھ ہوا۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اختلاف کے باوجود وفاقی حکومت کو مہم میں شامل کیا گیا کیوں کہ پولیو کا خاتمہ صحت مند پاکستان کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں