پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی ساری کرپشن بے نقاب کرونگا، جاوید نسیم

04 مارچ 2015
پی ٹی آئی کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی جاوید نسیم—ڈان نیوز اسکرین گریب۔
پی ٹی آئی کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی جاوید نسیم—ڈان نیوز اسکرین گریب۔

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے باغی رکن خیبرپختونخوا اسمبلی جاوید نسیم نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی کرپشن بے نقاب کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام خبر سے خبر میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید نسیم کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد وہ تحریک انصاف کے اراکین کی خیبرپختونخوا حکومت میں کرپشن بے نقاب کریں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبائی اراکین اسمبلی نے بم پروف گاڑیاں بنا لی ہیں اور دو دو لاکھ روپے کے کرائے پر بنگلوں میں رہتے ہیں،’سینیٹ انتخابات کے بعد ان کی ساری کرپشن بے نقاب کروں گا‘۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اب بھی وہی پٹواری کلچر اور وہی پولیس ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کو تبدیلی کے نام پر دھوکا دیا جارہا ہے، اس کھیل میں پشاور اور اسلام آباد میں عمران خان کے اردگرد رہنے والے پارٹی کے لوگ ملوث ہیں۔

رکن کے پی کے اسمبلی کے بقول ان کے گھر پر فائرنگ کی گئی، ان کی ماں کو ذلیل کیا گیا، واقعہ کی ایف آئی آر کاٹنے کے بجائے الٹا ان کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا، انہوں نے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے واقعہ کا نوٹس لینے اور سیکورٹی فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔

جاوید نسیم نے انکشاف کیا کہ وہ خیبرپختونخوا سے سینیٹ کیلئے آزاد امیدوار وقار احمد کا سیکنڈر وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے کہنے پر بنے، اگر پرویز خٹک نہ کہتے تو وہ ہرگز آزاد امیدوار کے سیکنڈر نہ بنتے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر اعظم سواتی نے رکن اسمبلی وقار احمد کا سیکنڈر بننے پر جاوید نسیم کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جب کہ آج (منگل کو) عمران خان نے جاوید نسیم کو صوبائی اسمبلی سے نااہل کروانے کا اعلان بھی کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Haris kayani Mar 04, 2015 06:18pm
This is how the party of Naya Pakistan also indulge in the same dirty politics and games of power.