گوہاٹی: انڈیا کی ریاست آسام میں جیل حکام قیدیوں کو ورلڈ کپ دکھانے کیلئے کیبل ٹی وی کا انتظام کر رہے ہیں۔

بدھ کو گوہاٹی کی ایک عدالت کے جج اے ۔کے گوسوامی نے مرکزی جیل کے اعلی حکام کو پانچ دنوں کے اندر اندر کیبل ٹی وی نصب کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ 'قیدیوں کو ذہنی تفریح کی ضرورت ہوتی ہے'۔

شمال مشرقی ریاست میں گوہاٹی جیل کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ کیبل ٹی وی کی تنصیب کا کام شروع ہو چکا ہے۔

ایک اور افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا 'ہم پر عدالتی حکم کی پیروی لازم ہے اور پانچ دنوں کی ڈیڈ لائن میں رہتے ہوئے ٹی وی اور کیبل نصب کر دی جائیں گی'۔

خیال رہے کہ ایک مقامی قبائلی کونسل کے سابق سربراہ سمیت سات قیدیوں نے کرکٹ ورلڈ کپ دیکھنے کی اجازت حاصل کرنے کیلئے گوہاٹی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

ایک درخواست گزار قیدی کا کہنا تھا ' انڈیا کے آئین کے تناظر میں ٹی وی پر خبریں، کھیل اور تفریحی پروگرام دیکھنا بنیاد حق ہے'۔

ہندوستان کا سرکاری چینل دور درشن انڈیا کے سارے میچ براہ راست دکھا رہا ہے لیکن نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں جاری میگا ایونٹ کے تمام میچ صرف سٹار ٹی وی کیبل نیٹ ورک کے صارفین کیلئے میسر ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں