ہندوستان سے کوئی بڑا 'بریک تھرو' نہیں ہوا، سرتاج عزیز

06 مارچ 2015
مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز —اے ایف پی فائل فوٹو۔
مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز —اے ایف پی فائل فوٹو۔

اسلام آباد: مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز نے اعتراف کیا ہے کہ پاک ہندوستان سیکریٹریز کی بات چیت میں کوئی بڑا بریک تھرو نہیں ہوا۔

ڈان نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ بات چیت میں کوئی بڑا بریک تھرو نہیں ہوا تاہم اس سے آئندہ کے لیے راستے کھل گئے ہیں۔

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاک ہندوستان خارجہ سیکریٹریز کی مستقبل میں بات چیت کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: 'ہندوستان سے بلوچستان میں مداخلت کا معاملہ اٹھایا'

خیال رہے کہ ہندوستان کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان نے سیز فائر کی خلاف ورزی، مسئلہ کشمیر اور بلوچستان، فاٹا میں مداخلت سمیت دیگر معاملات اٹھائے تھے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری بتایا تھا کہ جے شنکر سے ملاقات میں سمجھوتا ایکسپریس کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے جبکہ عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اسی روز ہندوستان کے سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر نے اعلان کیا تھا کہ اگلی سارک سربراہ کانفرنس کی میزبانی پاکستان کرے گا اور ہندوستان اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 'پاکستان اگلی سارک کانفرنس کا میزبان '

واضح رہے کہ یہ دورہ لگ بھگ سات ماہ بعد ہوا تھا جب ہندوستان نے اگست میں خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان مذاکرات کو اس جواز کے ساتھ منسوخ کردیا تھا کہ دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کشمیری رہنماﺅں سے مشاورت کی ہے۔

دوسری جانب انہوں نے کہا کہ چین کے صدر 23 مارچ کو پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دورے کی نئی تاریخوں کے لیے دونوں ممالک رابطے میں ہیں چین کے صدر عنقریب پاکستان کا دورہ کریں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Nadeem Mar 07, 2015 09:06am
بڑا بریک تھرو کسے کہتے ہیں آپ. آپ کو تو ہندوستان کا نام بھی نہیں لینا چاہیے جب تک وہ بلوچستان میں انوالومنٹ بند نہیں کرت پانی کے مسئلے پر پاکستان کی بات نہیں مانتا اور لائن آف کنٹرول پر حملے بند نہیں کرتا