محمد عرفان فٹ، جنوبی افریقہ کیخلاف دستیاب

06 مارچ 2015
فاسٹ باؤلر محمد عرفان ٹریننگ سیشن کے دوران باؤلنگ کرتے ہوئے—اے ایف پی۔
فاسٹ باؤلر محمد عرفان ٹریننگ سیشن کے دوران باؤلنگ کرتے ہوئے—اے ایف پی۔

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ گزشتہ میچ میں ان فٹ ہونے والے فاسٹ باؤلر محمد عرفان مکمل طور پر فٹ ہوگئے ہیں۔

عرفان متحدہ عرب امارات سے میچ کے دوران ان فٹ ہوگئے تھے جس کے باعث فاسٹ باؤلر میچ میں صرف تین ہی اوور کروا پائے۔

صف اول کے گیند باز سعید اجمل، جنید خان، عمر گل اور محمد حفیظ کی عدم موجودگی میں عرفان کو پاکستانی باؤلنگ اٹیک کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔

آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ محمدعرفان مکمل فٹ ہوگئے ہیں تاہم مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کی ایڑھی میں تھوڑی سوجن ہے ان کی شمولیت کا فیصلہ میچ سے پہلے کیا جائے گا۔

مصباح الحق نے جنوبی افریقہ کو سخت حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس بہترین بیٹسمین موجود ہیں اور رنز روکنے کےلئے حریف کھلاڑیوں کو جلدآؤٹ کرنا ہوگا۔

یونس خان کے بارے میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ قومی ٹیم کے سینیئر کھلاڑی ہیں، ان کا کردار ابھی ختم نہیں ہوا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پول بی کا یہ اہم میچ کل نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں