ورلڈ کپ سیمی فائنل، آسٹریلیا کا پلڑا بھاری

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2015
ہندوستان کے کپتان ایم ایس دھونی آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک سے ہاتھ ملا رہے ہیں ۔۔۔ فوٹو: اے ایف پی
ہندوستان کے کپتان ایم ایس دھونی آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک سے ہاتھ ملا رہے ہیں ۔۔۔ فوٹو: اے ایف پی

سڈنی : آئی سی سی ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل کل میزبان آسٹریلیا اور دفاعی چیمپئن ہندوستان کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا اور اگر دونوں ٹیموں کے ورلڈکپ ریکارڈ کو دیکھا جائے تو انڈیا پر کینگروز کا پلڑا بھاری نظر آ رہا ہے۔

آج تک دونوں ٹیمیں 10 بار ورلڈ کپ میں مدمقابل آئی ہیں جس میں 7 میں آسٹریلیا کامیاب رہا ہے جبکہ ہندوستان کو صرف 3 میچوں میں کامیابی حاصل ہو سکی۔

ناک آؤٹ مرحلے میں دونوں ٹیموں کا 2 بار مقابلہ ہوا، جس میں ایک ایک میچ دونوں ٹٰیموں کے نام رہا۔

یاد رہے کہ آج تک ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم 8 بار جبکہ دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم صرف 2 بار کامیاب ہو پائی ۔

آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان 117 ون ڈے میچز ہوئے جن میں سے 67 میچز آسٹریلیا نے جیتے اور 40 میچز ہندوستان کے نام رہے جبکہ 10 میچز کا کوئی نتیجہ سامنے نہ سکا اور ڈرا ہوئے۔

اسی طرح اب تک ہو نے والے 10 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو اس کو کبھی بھی سیمی فائنل میں شکست نہیں ہوئی۔

آسٹریلیا اب تک 6 بار 1975 ، 1987، 1996 ، 1999 ، 2003 اور 2007 میں سیمی فائنل تک پہنچا ہے اور ہر بار کامیابی حاصل کرکے فائنل تک گیا۔

آسٹریلیا نے 4 بار فائنل جیت کر عالمی کپ اپنے نام کیا، جس میں 1987، 1999، 2003 اور 2007 کے ورلڈ کپ شامل ہیں۔

1975 میں اس کو فائنل میں ویسٹ انڈیز اور 1996 میں سری لنکا سے شکست ہوئی تھی۔

دوسری جانب ہندوستان نے 4 بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کھیلے ہیں جن میں اس کو 1 بار شکست اور 3 بار کامیابی ہوئی۔

ہندوستان نے 1983 میں سیمی فائنل اور پھر فائنل میں بھی کامیابی حاصل کی جب کہ 1987 کے سیمی فائنل میں اسے انگلینڈ نے شکست دی۔

ہندوستان نے 2003 میں سیمی فائنل میں تو کامیابی حاصل کی مگر فائنل میں اس کو آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

2011 میں ہندوستان نے سیمی فائنل کے بعد فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرکے دوسری بار ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں