' نیا خیبر پختونخوا دیکھنا چاہتے ہیں'

اپ ڈیٹ 26 مارچ 2015
وزیر اعظم نواز شریف—۔فائل فوٹو/ رائٹرز
وزیر اعظم نواز شریف—۔فائل فوٹو/ رائٹرز

پشاور: وزیر اعظم نواز شریف نے انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں کا وعدہ کرتے ہوئے نیا خیبر پختونخوا بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

پشاور میں ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں ان کو پورا موقع دیا جن کے پاس اکثریت تھی، لیکن دوسال گزرنے کے باوجود بھی وہ کچھ نہ کرسکے۔

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ (عمران خان) نیا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم نیا خیبر پختونخوا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے لواری ٹنل کو2 سال میں مکمل کرنے کے عزم کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا میں نئی یونیورسٹیاں بنانے کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کو پرامن ملک بنانے اور بجلی کی قلت کو تین سال میں ختم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

’کراچی آپریشن کے بہت اچھے نتائج آرہے ہیں‘

اس سے قبل پشاور میں پارٹی عہدیداران سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے بڑے بڑے چیلنجز کو قبول کیا اور قیام امن کے لیے وزیر ستان میں آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن شروع کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن کے بہت اچھے نتائج آرہے ہیں اور پاکستان سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی پناہ گاہیں بھی تباہ کی گئیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ معاملات کو درست کیا گیا، جبکہ یہ طے کیا گیا ہے کہ ایک دوسرے کے خلاف اپنی زمین کو استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا تاکہ دہشت گرد دونوں جانب سرحد پار دہشت گردی نہ کر سکیں۔

نواز شریف نے بتایا کہ پاکستان کو دنیا میں مثبت شناخت امن، بہتر معیشت اور شفاف پالیسیوں سے پیش کیا جا سکتا ہے۔

حکومتی پالیسی کے حوالے سے وزیر اعظم نے بتایا کہ معیشت کے ٹھیک ہونے سے تمام امور درست سمت میں چلانے کی راہ ملتی ہے اور پاکستان کی معیشت کا زیادہ تر دارومدار توانائی پر ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ جس ملک میں بجلی اور گیس نہ ہو اس ملک میں معیشت کس طرح بہتر ہوسکتی ہے؟ کون آکر سرمایہ کاری کرے گا اور کس طرح صنعتیں بہتر ہوں گی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

جبکہ ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ اور گیس بحران کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بجلی اور گیس کی فراہمی ممکن ہوسکے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں