لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام پر کیے گئے معاہدے میں تبدیلی کرنا چاہتی ہے اور اگر ایسا کیا گیا تو وہ سڑکوں پر نکلیں گے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اب جوڈیشل کمیشن کے قیام پر معاہدے میں تبدیلی لائی تو وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں وزیراعظم نوازشریف کی زبان پر کوئی اعتبار نہیں کیونکہ وہ پہلے بھی استعفیٰ کے مطالبے سے پیچھے ہٹے۔

عمران خان کے مطابق تحریک انصاف نے دھرنا بھی ختم کیا تاکہ ملک کونقصان سے بچایاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ان کی جماعت جوڈیشل کمیشن پر طے شدہ معاہدے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

عمران خان نے آج سامنے آنے والی ایک ٹیپ کے حوالے سے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ ٹیپ میں کیا ہے تاہم کسی کا فون ٹیپ کرنا ایک جرم ہے۔

عمران خان نے یمن کی جنگ میں پاکستان کی ممکنہ شمولیت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے پرائی جنگ میں شامل ہونے کی اجازت کس سے لی۔

انہوں نے کہا کہ یمن کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور نہ ہی پاکستان کو اس معاملے میں فریق بننا چاہئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں