انڈر آرم، میلبرن اور نیوزی لینڈ

27 مارچ 2015
1981 کے بینسن اینڈ ہیجز کپ کے بیسٹ آف فائیو فائنلز کے دوران ٹریور چیپل کی جانب سے کرائی گئی گیند کا منظر۔ فائل فوٹو اے پی
1981 کے بینسن اینڈ ہیجز کپ کے بیسٹ آف فائیو فائنلز کے دوران ٹریور چیپل کی جانب سے کرائی گئی گیند کا منظر۔ فائل فوٹو اے پی

میلبرن: ورلڈ کپ 2015 کا فائنل اتوار کو مشترکہ میزبانوں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا لیکن نیوزی لینڈ کی میلبرن اور آسٹریلین ٹیم سے ماضی میں جڑی کچھ ناخوشگوار یادیں اب بھی تازہ ہیں۔

جی ہاں، 1981 میں ہونے والا بینسن اینڈ ہیجز کپ کا بیسٹ آف فائیو فائنلز کا تیسرا اور متنازع فائنل مقابلہ آج بھی کیوی شائقین کو یاد ہے جب ایک سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میچ میں فتح حاصل کی تھی۔

اس سیریز میں ہندوستان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شریک تھیں اور زیادہ میچز جیتنے پر نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا بیسٹ آف فائیو فائنل کھیلنے کی حقدار قرار پائیں۔

ابتدائی دو فائنل مقابلوں میں سے دونوں ٹیموں نے ایک ایک فتح حاصل کی۔

اس سلسلے کا تیسرا فائنل میلبرن میں یکم فروری 1981 کو کھیلا گیا اور تاریخ میں امر ہو گیا۔

آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 235 رنز بنائے، کپتان گریگ چیپل نے 90 جبکہ گریم وُڈ نے 72 رنز کی اننگ کھیلی۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بروس ایڈگر کی شاندار ناقابل شکست سنچری کی بدولت 49 اوورز میں 221 رنز بنا لیے اور اسے میچ میں فتح کے لیے 15 رنز درکار تھے۔

گریگ چیپل نے اس موقع پر گیند اپنے بھائی ٹریور چیپ کو تھمائی جن کی پہلی ہی گیند پر رچرڈ ہیڈلی نے چوکا مار دیا لیکن دوسری گیند پر وہ ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

تیسری اور چوتھی گیند پر نئے آنے والے بلے باز برائن ای این اسمتھ نے دو دو رنز بٹورے لیکن پانچویں گیند پر وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کی آٹھ وکٹیں گر چکی تھیں اور اسے آخری گیند پر فتح کے لیے سات جبکہ میچ ٹائی کرنے کے لیے چھ رنز درکار تھے یعنی آسٹریلین ٹیم میچ ہار نہیں سکتی تھی۔

لیکن اس کے باوجود گریگ نے اپنے بھائی ٹریور چیپل سے ’انڈر آرم‘ گیند کرانے کو کہا، اس وقت کرکٹ کے قوانین میں یہ گیند کرانے کی اجازت تھی۔

یقیناً اس پر کوئی بھی بلے باز چھکا تو نہیں مار سکتا تھا، مک کیچنی نے اس گیند کو آرام سے روک لیا اور اس طرح آسٹریلیا کو میچ میں چھ رنز سے فتح ملی لیکن ساتھ ساتھ یہ میچ بھی امر ہو گیا۔

بعد میں انڈر آرم گیند کو کرکٹ میں غیر قانونی قرار دے دیا گیا لیکن کیوی شائقین آج تک اس میچ کی شکست کو نہیں بھول سکے جو یقیناً کھیل کی روح اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں