’میں عہدہ نہیں چھوڑ رہا‘

28 مارچ 2015
سندھ کے گورنرعشرت العباد — فائل فوٹو
سندھ کے گورنرعشرت العباد — فائل فوٹو

کراچی: صولت مرزا کے الزامات کی ویڈیو منظرعام پرآنے کے بعد عشرت العباد گورنر سندھ کا عہدہ چھوڑنے کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی خبروں کی تردید کردی ہے۔

بلوچستان کی مچھ جیل میں سزائے موت کے منتظر ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا کے اعترافی بیان کی ویڈیو مختلف نجی چینلز نے 18 مارچ کے روز نشر کی تھی، جس میں صولت مرزا نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی جانب سے کئے جانے والے تمام جرائم میں گورنر سندھ سمیت ایم کیو ایم کے مختلف رہنما ملوث ہیں۔

صولت مرزا کے ان الزامات کے بعد گورنر سندھ عشرت العباد کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

عشرت العباد گزشتہ 12 سال سے سندھ کے گورنر کے عہدے پر فائزہیں اور وہ تین مختلف پاکستانی صدور کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔

ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عشرت العباد نے گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹائے جانے کی خبروں کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی ایسی خبریں سنی ہیں۔

انھوں نے پی اے ایف بیس پر امن و امان کی صورت حال پر ہونے والے اجلاس میں غیر حاضری سے متعلق ایک سوالات کا جواب میں کہا کہ یہ اجلاس کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر نہیں تھا۔

سندھ کے گورنرعشرت العباد نے کہا کہ میڈیا میں آنے والی قیاس آرائیوں کے حوالے سے وہ واقف ہیں تاہم ان میں سچائی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن و امان سے متعلق اجلا س کا واضح طریقہ کار ہوتا ہے جس میں چند مخصوص لوگوں کی شرکت ضروری ہوتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں