میلبرن: آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ورلڈ کپ 2015 کے فائنل میں شکست دے کر پانچویں بار عالمی چیمپیئن کا تاج سر پر سجا لیا۔

کیوی کپتان برینڈن میک کولم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں ہی اس وقت غلط ثابت ہو گیا جب کپتان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اسکور 39 تک پہنچتے پہنچتے کیویز مزید دو وکٹیں سے محروم ہو چکے تھے، مارٹن گپٹل 15 اور کین ولیمسن 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس موقع پر روس ٹیلر اور گرانٹ ایلیٹ نے چوتھی وکٹ کے لیے 111 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو بہتر پوزیشن میں پہنچا دیا لیکن ٹیلر 40 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ابھی کیویز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ کوری اینڈرسن اور لیوک رونچی بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے اور نیوزی لینڈ 151 رنز پر چھ وکٹوں سے محروم ہو گئی۔

اسکور 167 تک پہنچا تو ڈینئل ویٹوری بھی مچل جانسن کی گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے اور پویلین لوٹ گئے۔

جب 171 کے اسکور پر ایلیٹ آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کے 200 رنز مکمل ہونے کی رہی سہی امیدیں بھی دم توڑ گئیں، انہوں نے 83 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 45 اوورز میں 183 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، جیمز فالکنر اور مچل جانسن تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ مچل اسٹارک نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں آسٹریلیا نے اننگ کا آغاز کیا تو دو کے مجموعی اسکور پر ایرون فنچ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے۔

اس کے بعد ڈیوڈ وارنر نے کیوی باؤلنگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 46 رنز کی اننگ کھیلی اور اسکور کو 63 تک پہنچا دیا، وارنر میٹ ہنری کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد اپنا آخری ایک میچ کھیلے والے آسٹریلین کپتان مائیکل کلارک نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ مل کر 112 رنز کی شراکت قائم کر کے نیوزی لینڈ کی میچ میں واپسی تمام امیدیں ختم کردیں۔

جب وہ 74 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے تو آسٹریلیا کو میچ میں فتح کے لیے صرف نو رنز درکار تھے۔

اسٹیون اسمتھ نے چوکا لگا کر اپنی ٹیم پانچویں مرتبہ کرکٹ کا عالمی شہنشاہ بنا دیا، انہوں نے ناقابل شکست 56 رنز کی اننگ کھیلی۔

جیمز فالکنر کو تی وکٹیں لینے پر فائنل کا مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ایونٹ میں 22 وکٹیں لینے والے آسٹریلین فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں