ورلڈکپ فائنل : کیویز نے اپنے ارادے ظاہر کردیئے

28 مارچ 2015
برینڈن میککلم — اے ایف پی فوٹو
برینڈن میککلم — اے ایف پی فوٹو

میلبورن : نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں ورلڈکپ کے فائنل کے لیے دلیرانہ سوچ اور سیمی فائنل والی ٹیم کے ساتھ اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میککلم کا کہنا ہے کہ حتمی معرکے میں اسی ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے جس نے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دی اور ٹورنامنٹ کے دوران ہم نے اس دلیرانہ حکمت عملی کو آزمایا وہی آسٹریلیا کے خلاف بھی کام آئے گی۔

نیوزی لینڈ کی کرکٹ تاریخ کے سب سے بڑے میچ کے حوالے سے میککلم کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آغاز سے ہی آسٹریلین ٹیم پر حملہ کریں۔

میلبورن میں نیوز کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسی طرح کھیلنے کی ضرورت ہے جس طرح ہم عام مواقعوں پر ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہیں، ہمیں شکست کا خوف نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں لگتا ہے کہ ہم اسی طرح کھیلتے رہیں گے اور بے خوفی کے احساس سمیت ایک حقیقی کچھ کر دکھانے کے رویے کا اظہار کریں گے۔

کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ پراعتماد ہیں کہ ہم کل اچھا کھیلیں گے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ آسٹریلیا ہمیں شکست نہیں دے سکتا ایسی ضمانت نہیں دی جاسکتی مگر میں پراعتماد ہوں کہ ہم اپنی صلاحیتوں کا اسی طرح بھرپور اظہار کریں گے جیسا ہم پورے ٹورنامنٹ میں کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے ہوم گراﺅنڈ میں آسٹریلیا فیورٹ ہے مگر ہمارے کھلاڑیوں کو بھی احساس ہے کہ یہ وہ موقع ہے جو زندگی میں ایک بار ہی ملتا ہے۔

میککلم کا کہنا تھا کہ ہم ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی یہ خواب دیکھ رہے تھے اور اب فائنل میں پہنچ کر اس بے مثال کامیابی کا امکان 50-50 ہوگیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں