اسلام آباد : یمن سے پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے حکومت نے جامع پلان تشکیل دیتے ہوئے فضائی کے علاوہ سمندری راستہ بھی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے یمن کی صورتحال کو انتہائی مخدوش قرار دیتے ہوئے کہا ہے خطے کے بدلتے حالات پر نگاہ رکھی جارہی ہے اور سعودی عرب سے مسلسل رابطے میں ہیں ۔۔ اور اس سلسلے میں پاکستان ایک وفد اتوار ریاض جائے گا ۔

دفتر خارجہ میں ہنگامی پریس بریفننگ کے دوران سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ یمن کی صورت حال بہت مخدوش ہے اور پاکستانی بہن بھائی وہاں مشکل صورتحال میں پھنسے ہوئے ہیں۔

پاکستانیوں کے انخلا سے متعلق اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ یمن میں تین ہزار پاکستانی ہیں جنہیں واپس لانے کیلئے ایک پرواز آج بھیجنے کی کوشش کریں گے جبکہ پاک بحریہ کا ایک جہاز اتوار اور ایک پیر کو یمن بھیجا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یمن سے نکلنے کے دوران پاکستانی قافلے کوشروع میں کچھ مشکلات پیش آئیں تاہم اب 600 پاکستانیوں پر مشتمل قافلہ الحدیدہ شہر کی طرف رواں دواں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے ساڑھے3 سے 4 گھنٹے میں پاکستانی الحدیدہ پہنچ جائیں گے ،جبکہ یمن میں مقیم پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب اور اومان میں بھی قیام کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی عرب نے یمن کی فضائی حدود کو نوفلائی زون قرار دے رکھا ہے اسی لیے سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ پاکستانی طیارے کو وہاں اترنے کی اجازت دی جائے، جبکہ پاک بحریہ کے دو جہاز بھی وہاں جارہے ہیں، جن میں سے ایک کل اور دوسرا پرسوں روانہ ہوگا۔

سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بحریہ کے دونوں جہاز دو،دوسوافرادکولاسکتے ہیں، دونوں جہازوں میں خوراک اوردیگر ضروری اشیا بھی موجود ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ سعودیہ عرب کی علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچا تو پاکستان کیلئے قابل تشویش بات ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان سعودی عرب اور دیگر خلیجی مملک کی سیکیورٹی کو اہمیت دیتا ہے، جبکہ جمعہ کو وزیر اعظم اور سعودی فرمانروا کے درمیان فون پر رابطہ ہوا۔

سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے علاقائی صورتحال پر بات کی، وزیراعطم نے کہا کہ صورتحال کا جائزہ لینے ایک وفد سعودیہ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے24گھنٹے میں پاکستانی وفد سعودیہ عرب روانہ ہوگا۔

ان کے بقول صنعا سے دیگر ملکوں کے سفارتخانے عدن منتقل ہوگئے، پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانیوں کو نکالنے تک کام جاری رکھا۔

دوسری جانب وزیردفاع خواجہ آصف نے سعودی ہم منصب سے رابطہ کرکے یمن میں پھنسے پاکستانیوں سے متعلق امور پر بات چیت کی ہے۔

اس موقع پر سعودی وزیر دفاع نے یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سعودی حکومت پاکستانیوں کے انخلا کیلئے یمن میں پاکستانی سفارتخانہ سے رابطے میں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں