یمن بحران: پاکستانی وفد سعودی عرب پہنچ گیا

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2015
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سعودی عرب روانگی سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے خصوصی ہدایات لیں—۔فائل فوٹو/رائٹرز
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سعودی عرب روانگی سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے خصوصی ہدایات لیں—۔فائل فوٹو/رائٹرز

اسلام آباد: پاکستان حکومت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد یمن بحران کا جائزہ لینے اور صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے منگل کو سعودی عرب پہنچ گیا۔

پاک فضائیہ کے خصوصی طیارے میں سعودی عرب پہنچنے والے وفد میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز، دفتر خارجہ اور مسلح افواج کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔

روانگی سے قبل خواجہ آصف نے چکلالہ ائیر بیس پر وزیراعظم نواز شریف سے خصوصی ہدایات لیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کی سربراہی میں پاکستانی وفد کی سعودی عرب جانے کی تصدیق کی۔

پاکستانی وفد دار الحکومت ریاض میں سعودی بادشاہ اور وزیر دفاع سے ملاقات کے ساتھ ساتھ دیگر اعلیٰ سعودی حکام سے یمن کی صورتحال پر بات چیت کرے گا۔

وفد کی جدہ میں او آئی سی قیادت سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں یمن میں جنگ بندی کے امکانات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے یمن میں حوثی باغیوں پر سعودی عرب کے فضائی حملے شروع ہونے کے بعد مشرق وسطیٰ کے بحران پر پہلے اجلاس میں حکومت نے اصولی بنیادوں پر فیصلہ کیا تھا کہ ’’سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کو لاحق کسی بھی خطرے کا پاکستان کی جانب سے سخت جواب دیا جائے گا۔‘‘

وزیرِدفاع کا کہنا تھا کہ سعودی اتحاد میں شامل ہونے کا کوئی بھی فیصلہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:یمن بحران، او آئی سی سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ

پاکستانی فوجیوں کی سعودی عرب میں پہلے سے موجودگی پر بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹوں کو مسترد کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آٹھ سو سے نو سو سپاہی سعودی عرب میں بطور مشیر اور تربیت کار کے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے اب تک کوئی مخصوص درخواست موصول نہیں ہوئی ہے، اگرچہ وہ پاکستان سے توقعات رکھتے ہیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی سالمیت اور خودمختاری کو چیلنج کرنے والے کسی بھی اقدام کو ناکام بنادے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

سید محمد تحسین عابدی Mar 31, 2015 02:55pm
اللہ کرے وزیرِ دفاع کوئی اچھا فیصلہ کریں اور یمن کی آگ میں کودنے سے پہلے پاکستان کو لاکھوں بار سوچنا چاہیئے ایسی راہ اپنائی جانے کہ سانپ بھی مرجائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے کیونکہ پرائی آگ میں کودنے کا انجام کبھی اچھا نہیں ہوتا اللہ مسلمانوں کے حال پر رحم کرے اور مسلمان آپس میں لڑنا بند کردیں