یمن میں 400 پاکستانی انخلاء کے منتظر

31 مارچ 2015
دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم ۔ — فائل فوٹو
دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم ۔ — فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ اس کے چار سو شہری جنگ زدہ یمن سے انخلاء کے منتظر ہیں۔

منگل کو یمن کی صورتحال پر جاری بیان میں ترجمانِ دفترخارجہ تسنیم اسلم نے بتایا کہ حکومت یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے وزارت خارجہ کا پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن سمیت تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی رابطہ ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ یمن کے شہر عدن میں جاری لڑائی کی وجہ سے فضائی راستے سے انخلاء خطرے سے بھرپور ہے اور ایسے میں دو سو پاکستانیوں کو عدن سے چینی بحری جہاز کے ذریعے نکلا جائے گا۔

منصوبہ کے تحت ان پاکستانیوں کو عدن سے بحری راستے کے ذریعے جبوتی لایا جائے گا، جہاں سے خصوصی پرواز کے ذریعے انہیں وطن واپس لایا جا سکے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اس حوالے سے ایتھوپیا میں پاکستانی سفیر کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایک بحری جہاز دو اپریل کو موکلا پہنچے گا جہاں 150 پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو براہ راست کراچی لایا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق، یمن کے دارالحکومت صنعاء میں اب بھی ستر پاکستانی بدستور پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں وہاں سے نکالنے کیلئے سعودی حکومت سے نو فلائی زون میں نرمی کی درخواست کی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں