ریسل مینیا: کشتی اور تھیٹر کا امتزاج

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2015
بروک لیسنر دفاعی چیمپئن
بروک لیسنر دفاعی چیمپئن

اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ ریسلنگ دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں سے ایک ہے جس کی تاریخ سینکڑوں سال پرانی ہے مگر صدیوں کا سفر کرکے اب کشتی اور تھیٹر آپس میں ضم ہوکر ایک ہوگئے ہیں اور اس کا نام ہوگیا ہے ریسل مینیا۔

ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کا سالانہ ایونٹ جو 1985 سے مسلسل منعقد ہورہا ہے، اگرچہ یہ ایونٹ حقیقی پیشہ وارانہ ریسلنگ کا ٹورنامنٹ نہیں اور اکثر لڑائیاں فکس ہوتی ہیں مگر یہ میچز براہ راست دیکھنے والوں اور ٹیلی ویژن پر ان سے لطف اندوز ہونے والے خاص طور پر بچوں کو بہت زیادہ پرجوش بنادیتے ہیں۔

رواں برس ریسل مینا 31 کا میلہ 29 مارچ کو کیلیفورنیا میں سجا جس میں ایک سال کے وقفے کے بعد انڈرٹیکر کی واپسی ہوئی، جبکہ ڈبلیو سی ڈبلیو کے سابق ورلڈ چیمپئن اسٹنگ نے ٹرپل ایچ کے سامنے آکر ریسل مینا میں ڈیبیو کیا۔

مگر یہ تو بہت بس ایک جھلک ہے درحقیقت اس ایونٹ میں متعدد مایہ ناز ریسلرز نے اپنے مقابلوں سے کروڑوں افراد کو بے اختیار سراہنے پر مجبور کردیا۔

دی راک کی ریسل مینا 31 میں آمد

ہر ریسل مینا کا اپنا ایک خاص لمحہ ہوتا ہے اور جو رواں برس دی راک کے نام اس وقت آیا جب ڈبلیو ڈبلیو ای کو کنٹرول کرنے والی اتھارٹی (ٹرپل ایچ اور اسٹیفنی میکموہن) رنگ میں دیکھنے والوں کا مذاق اڑا رہے تھے، اس موقع پر سابق ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن نموردار ہوئے، جن کو اسٹیفنی نے تھپڑ بھی دے مارا جس پر وہ یو ایف سی چیمپئن رونڈا روزے کو رنگ میں لے آئے۔

ان دونوں نے مل کر اتھارٹی کو رنگ سے بھاگنے پر مجبور کردیا اور یہ ایسا لمحہ بن گیا جو ریسلنگ کے شائقین برسوں تک یاد رکھیں گے۔

ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ

اس رات کا پہلا میچ ڈبلیو ڈبلیو ای ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ کے لیے فور وے ٹیگ ٹیم میچ تھا جس میں ٹائسن کڈ اور سیزیرو نے اپنے اعزاز کا دفاع دی نیو ڈے، لوس میٹاڈورز اور دی اوسوز نامی ٹٰموں کے خلاف کیا ۔

رومن رینج نے جب رائل رمبل جیتا
رومن رینج نے جب رائل رمبل جیتا

بیٹل رائل

ریسل مینا 30 میں آندرے دی جائنٹ میموریل بیٹل رائل کا انعقاد سابق ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہوا اور رواں برس بھی اس کے لیے بیس ریسلرز کے درمیان مقابلہ ہوا۔

اس مقابلے کا اصول بہت آسان تھا کہ جب بھی کسی سپراسٹار کو رنگ کی رسیوں سے اوپر اٹھا کر باہر پھینک دیا جاتا تو وہ باہر ہوجاتا اور اس بار یہ بیٹل رائل کی ٹرافی ایک اور دیوقامت ریسلر بگ شو کے نام رہی جنھیں دنیا کا سب سے بڑا ایتھلیٹ بھی کہا جاتا ہے ۔

لیڈر میچ

لیڈر میچز یا سیڑھی کے ذریعے ٹائٹل کے حصول کی کشتیاں ہمیشہ سے ہی لوگوں کی پسندیدہ رہی ہیں تاہم اس بار پرستاروں کا اشتیاق عروج پر تھا کیونکہ ریسل مینا 31 میں ڈبلیو ڈبلیو ای انٹر کانٹینینٹل چیمپئن شپ کے لیے دفاعی چیمپئن بیڈ نیوز برٹ سمیت ڈئینیل برائن، آر ٹروتھ، ڈین امبروز، لیوک ہارپر، ڈولف زیگلر اور اسٹار ڈسٹ جیسے اسٹارز کے درمیان مقابلہ تھا۔

ہر ریسلر نے سیڑھی پر چڑھ کر اپنی قسمت آزمانے کی کوشش کی مگر دیگر کی مداخلت پر گرنا پڑا اور آخر میں ڈئینیل برائر نے ڈولف زیگلر کو سیڑھی سے نیچے پھینک کر بیلٹ اتار لی اور نئے آئی سی چیمپئن بن گئے۔

دی فیس بمقابلہ دی فیوچر

اگر لیڈر میچ دل کی دھڑکنیں بڑھا دینے والا تھا تو رینڈی اورٹن اور سیٹھ رولنز کے درمیان مقابلہ جوش سے بھر دینے والا تھا۔

اورٹن کو ڈبلیو ڈبلیو ای کا چہرہ (فیس) کہا جاتا ہے تو اتھارٹی کی جانب سے رولنز کو اس کمپنی کا مستقبل (فیوچر) جو کہ منی ان دی بینک بریف کیس کے بھی فاتح ہیں جسے کسی بھی وقت عالمی چیمپئن شپ کے لیے کیش کرایا جاسکتا ہے۔

یہ مقابلہ شروع سے ہی کافی سخت رہا کیونکہ دونوں ہی ہر صورت میں اسے جیتنا چاہتے تھے، یہاں تکہ رولنز نے اپنا خاص داﺅ 'کرب اسٹومپ' بھی لگا دیا اور پھر رسیوں پر چڑھ کر اورٹن کے اوپر چھلانگ لگانا چاہی تاہم اورٹن نے ہوا میں ہی اپنے مخالف جادبوچا اور اپنا خاص داﺅ 'آر کے او' لگاکر میچ اپنے نام کرلیا۔

اسٹنگ بمقابلہ ٹرپل ایچ

اسٹنگ کا ریسل مینا میں ڈیبیو
اسٹنگ کا ریسل مینا میں ڈیبیو

ڈبلیو ڈبلیو ای اور ڈبلیو سی ڈبلیو کے درمیان نوے کی دہائی کے دوران کافی مخالفت چلتی رہی تھی تاہم 2001 میں ڈبلیو سی ڈبلیو کے لگ بھگ تمام ریسلرز ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بن گئے تاہم اسٹنگ اس میں شامل نہیں تھے۔

سروائیور سیریز 2014 میں اسٹنگ نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں چونکا دینے والا ڈیبو کیا جس کے نتیجے میں اتھارٹی کو عارضی طور پر اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑے اور اسی کا نتیجہ ریسل مینا میں اسٹنگ کا ٹرپل ایچ سے میچ کی صورت میں نکلا۔

نو ڈس کوالیفیکیشن (ہر طرح کے داﺅ پیچ کی اجازت) والے اس میچ میں باہر سے مداخلت کی بھی اجازت تھی اور جب اسٹنگ نے ٹرپل ایچ کو اپنے داﺅ میں الجھا لیا تو ڈی جنریشن ایکس (ڈی ایکس) کے پرانے اراکین ٹرپل ایچ کی مدد کے لیے آپہچنے، تاہم اس موقع پر اسٹنگ کی مدد کے لیے ڈبلیو سی ڈبلیو کا دی نیو ورلڈ آرڈر (این ڈبلیو او) آپہنچا اور رنگ کے ارگرد ان کا ڈی ایکس سے ٹکراﺅ ہوگیا۔

میچ کے آخری لمحات میں جب اسٹنگ جیتنے ہی والے تھے تو ٹرپل ایچ کے بہترین دوست اور سابق ریسلر شان مائیکل نے اچانک نمودار ہوکر اپنی خاص کک اسٹنگ کو لگائی اور ٹرپل ایچ نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میچ کو جیت لیا۔

جان سینا بمقابلہ روسی پہلوان

ریسل مینا 31 میں روس سے تعلق رکھنے والے روسوف یو ایس چیمپئن شپ کے دفاع کے لیے جان سینا کے مدمقابل آئے، واضح رہے کہ جنوری 2014 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں آنے والے روسوف نے ریسل مینا تک کوئی میچ نہیں ہارا تھا اور جان سینا اس سے پہلے بھی روسی پہلوان کے مدمقابل ناکام ہوچکے تھے۔

جس کا ری میچ ریسل مینا 31 میں ہوا تو روسوف نے ایک بار پھر سینا کو اپنے خاص داﺅ دی ایکولیڈ میں پھنسا لیا تاہم جان سینا نے اسی عظیم انسانی مضبوطی کا مظاہرہ کیا جس کے لیے وہ جانے جاتے ہیں اور ایک موقع پر جب روسوف اپنی ساتھی لانا سے جاٹکرایا تو سینا نے اپنا داﺅ ایٹیٹوڈ ایڈجسٹمنٹ آزمایا اور نئے یوایس چیمپئن بن گئے۔

ڈیڈ مین بمقابلہ برے وائٹ

انڈر ٹیکر
انڈر ٹیکر

ریسل مینا کی سب سے بڑی وجہ شہرت انڈر ٹیکر کی کامیابیوں کا تسلسل ہے جس کے دوران وہ لگاتار 21 سال تک ناقابل شکست رہے اور یہ سلسلہ گزشتہ برس کے ایونٹ میں بروک لیسنر نے توڑا، جس کے بعد ڈیڈمین پورا سال غائب رہے اور ریسل مینا 31 کے لیے برے وائٹ کا چیلنج قبول کرلیا۔

اگرچہ انڈر ٹیکر کی کامیابیوں کا تسلسل ٹوٹ چکا تھا مگر انہوں نے اس سال بھی بطور ریسلر کو خود کو منوا لیا، برے وائٹ نے مخالف کو کافی سخت مقابلہ دیا مگر ڈیڈ مین نے میچ جیت کر ریسل مینا میں اپنی کامیابیوں کا نیا آغاز کردیا۔

بروک لیسنر بمقابلہ رومن رینج

رومن رینج نے بروک لیسنر کے خلاف ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن میچ کا موقع رائل رمبل 2015 جیت کر حاصل کیا تھا۔

لیسنر طویل عرصے سے چیمپئن ہے جبکہ رومن اسے ہر صورت جیتنا چاہتا تھا مگر میچ کے پہلے ہی منٹ میں لیسنر نے اپنا خاص داﺅ ایف فائیو لگادیا، جس کے بعد وہ کافی دیر تک میچ پر چھائے رہے تاہم آخری لمحات میں رومن نے کئی سپرمین پنچز حریف کو لگائے۔

اس وقت جب یہ دونوں گرے ہوئے تھے اس موقع پر سیٹھ رولنز نے ڈرامائی انٹری دیتے ہوئے اپنا منی ان دی بینک بریف کیس کیش کرالیا۔

اس طرح جو میچ ون آن ون تھا وہ تین حریفوں پر مشتمل ہوگیا اور رولنز نے لیسنر کو اپنا خاص داﺅ لگانے کی کوشش کی تو ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن نے اسے اپنے کندھے پر اٹھا کر ایف فائیو مارنے کی کوشش کی مگر اس موقع پر رومن نے اپنی تباہ کن ٹکر لیسنر کو دے ماری اور اس طرح رولنز کو رومن کو چت کرنے کا موقع مل گیا۔

اور اس طرح غیر متوقع طور پر ریسل مینا کا اختتام سیٹھ رولنز کے نئے ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن بننے کی صورت میں ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں