یاسر کی جگہ ذوالفقار بابر اسکواڈ میں شامل

اپ ڈیٹ 16 اپريل 2015
ذوالفقار بابر۔ فائل فوٹو اے ایف پی
ذوالفقار بابر۔ فائل فوٹو اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے زخمی لیگ اسپنر یاسر شاہ کی جگہ لیفیٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر کو بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کا حصہ بنا لیا ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق 36 سالہ ذوالفقار بابر کو بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے اور وہ جلد بنگلہ دیش روانہ ہونگے۔

ذوالفقار بابر کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ الیون کے خلاف بدھ کو ہونے والے میچ کے دوران زخمی ہونے والے 28 سالہ یاسر شاہ کی جگہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے بتایا کہ یاسر پریکٹس میچ کے دوران زخمی ہوئے اور ان کے بائیں ہاتھ میں تین ٹانکے آئے ہیں۔

یاسر شاہ نے 2011 میں پہلی مرتبہ ایک روزہ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی تھی لیکن اس کے بعد انہیں دوبارہ موقع نہیں دیا۔

سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر پابندی کے سبب پی سی بی نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے انہیں ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا جہاں انہوں نے اپنا انتخاب درست ثابت کر دکھایا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھی متاثر کن کھیل پیش کیا۔

اس کارکردگی کی بنیاد پر انہیں ورلڈ کپ کے لیے بھی پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن روایتی حریف ہندوستان کے خلاف ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں ہی آٹھ اوورز میں 60 رنز دے کر وہ خاصے مہنگے ثابت ہوئے تھے جس کے بعد انہیں ورلڈ ک کپ کسی بھی میچ میں موقع نہیں دیا گیا۔

تاہم شاہد آفریدی کی ایک روزہ کرکٹ سے ریتائرمنٹ کے پیش نظر انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز کے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا لیکن وہ انجری کا شکار ہو کر دورے سے باہر ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب ایک روزہ ٹیم کا حصہ بننے والے ذوالفقار بابر ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں تھے اور انہوں نے آخری مرتبہ دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

وہ ایک روزہ اور سات سات ٹی 20 اور ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں۔

بنگلہ دیش اورپاکستان کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں