میچ آفیشل پاکستان بھیجنے کا فیصلہ نہیں ہوا، آئی سی سی

16 اپريل 2015
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان مئی میں مختصر محدود اوورز کی سیریز ہونے کا امکان ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان مئی میں مختصر محدود اوورز کی سیریز ہونے کا امکان ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی

کراچی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے پاکستان زمبابوے سیریز کے لیے امپائرز پاکستان نہ بھیجنے کے حوالے سے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کو پاکستانی ذرائع ابلاغ میں خبریں زیر گردش تھیں کہ آئی سی سی نے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی ممکنہ سیریز کے لیے ایلیٹ پینل کے امپائرز نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ پاکستان کو سیریز کے لیے اپنے تحت امپائرز تعینات کرنے کی اجازت دی ہے۔

تاہم آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایسی کسی بھی کی خبر کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔

ڈان کی جانب سے رابطہ کرنے پر آئی سی سی کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ جب تک دونوں بورڈز سیریز کے انعقاد کی تصدیق نہ کر دیں اس وقت تک آئی سی سی میچ آفیشلز کی تعیناتی نہیں کر سکتا۔

آئی سی سی کے میڈیا اینڈ کمیونکیشن آفیسر پیٹر برین نے کہا کہ دونوں بورڈز کی جانب سے دورے کی تصدیق کے بعد آئی سی سی سیکیورٹی کے معائنے کے لیے ٹیم بھیجے گا جس کی رپورٹ کی روشنی میں آفیشلز پاکستان بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

پی سی بی کے میڈیا منیجر آغا اکبر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت تقریباً طے پا چکی ہے اور حتمی فیصلہ ہونے پر آئی سی سی کو فیصلے سے آگاہ کردیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں