طارق محبوب کا دوران حراست انتقال

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2015
سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل طارق محبوب ۔۔۔  فائل فوٹو: بشکریہ اے این آئی فیس بک پیج
سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل طارق محبوب ۔۔۔ فائل فوٹو: بشکریہ اے این آئی فیس بک پیج

کراچی: سنی اتحاد کونسل اور اے این آئی (انجمن نوجوان اسلام) کے رہنما طارق محبوب حراست میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

طارق محبوب کو رینجرز نے ایف بی ایریا سے تحویل میں لیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق طارق محبوب پر ٹارگٹ کلرز کو سہولیات فراہم کرنے کا الزام تھا۔

سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل طارق محبوب کو 12 اپریل کو 8 دیگر افراد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ سے تحویل میں لیا تھا، اور ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق رینجرز نے تلاشی کے دوران ان کے کمپیوٹرز ، موبائل فونز اور دیگر سامان تحویل میں لیا تھا۔

دو روز قبل 16 اپریل کو طارق محبوب کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، ان پر ٹارگٹ کلرز کی معاونت کرنے کا الزام تھا، جس پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان کو تحفظ پاکستان قانون کے تحت 90 روزہ جو ڈیشل ریمانڈ پر دیا تھا۔

خیال رہے کہ طارق محبوب اس سے پہلے مرکزی جمعیت علماء پاکستان (جے یو پی) سے وابستہ تھے۔

طارق محبوب کے بھائی نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

ان کے بڑے بھائی فرحت صدیقی نے الزام لگایا کہ طارق محبوب پر تشدد کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہوا ہے۔

دوسری جانب رینجرز نے کہا ہے کہ طارق محبوب کا انتقال رینجرز کی حراست میں نہیں ہوا، ان کو ریمانڈ پر جیل بھیجا گیاتھا۔

رینجرز کے مطابق طارق محبوب کو جیل حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا دعویٰ تھا کہ طارق محبوب کو ہارٹ اٹیک ہوا تھا، جو ان کی موت کا سبب بنا۔

تبصرے (0) بند ہیں